جمہوریہ عراق اور برونائی دارالسلام سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ جمعرات کو عراق سے 192 بسوں کا قافلہ 4 ہزار عازمین کو لے کر عرعر کی نئی سرحدی چوکی پر پہنچا جہاں انکا شاندار استقبال کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عرعر کی نئی تعمیر ہونے والی سرحدی چوکی پر سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے کاونٹز کے علاوہ ضیوف الرحمان کے آرام کرنے کے لیے خصوصی ہالز بھی بنائے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
ملائیشیا کے عازمین حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب پہنچ گیا
Node ID: 889382 -
بحری راستے سے عازمین حج کا پہلا گروپ جدہ پورٹ پہنچ گیا
Node ID: 889699
گورنر شمالی حدود ریجن شہزادہ فیصل بن خالد بن سلطان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عازمین حج کی راحت کے لیے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
محکمہ جوازات کی جانب سے اضافی عملے کو بھی متعین کیا گیا ہے تاکہ عازمین کو امیگریشن کی کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عرعر کی نئی تعمیر ہونے والی چیک پوسٹ پر امور صحت کی جانب سے ہر قسم کی طبی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جہاں طبی عملہ بھی 24 گھنٹے کی بنیاد پر موجود ہوتا ہے۔

سرحدی چوکی پر آنے والے عراقی عازمین نے اپنے شاندار استقبال پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا۔
دوسری جانب برونائی دارالسلام سے 260 عازمین حج کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر پہنچا جہاں موجود اہلکاروں نے ان کا استقبال پھولوں کی پتیوں سے کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔

عازمین حج مدینہ منورہ میں چند دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ حج ایام تک قیام کریں گے بعدازاں فریضہ حج کی ادائیگی کےلیے مشاعر مقدسہ روانہ ہو جائیں گے۔