کراچی سے آنے والے عازمین حج کو روٹ ٹو مکہ خدمات فراہم
کراچی سے آنے والے عازمین حج مسلسل ساتویں سال میں روٹ ٹو مکہ اینیشیٹیو سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق روٹ ٹو مکہ اینیشیٹوسعودی وزارت داخلہ کے وژن 2030 کے پروگراموں میں سے ایک ہے جس کے ذریعہ عازمین حج کو آسان اور سہل خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سال یہ اقدام ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے شہر کراچی واپس آیا ہے۔
کراچی سے آنے والے عازمین حج کو مکمل خدمات فراہم کی جاتی ہیں جو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو کے مخصوص ہال سے شروع ہوتی ہیں۔

یہاں ان کے سعودی عرب میں داخلے کے تمام مراحل نہایت آسانی سے مکمل کئے جاتے ہیں جن میں ویزا جاری کرنا، بایومیٹرک معلومات کا اندراج، صحت سے متعلق شرائط کی تصدیق، سامان کی ٹیگنگ اور مخصوص راستوں سے روانگی کو سہل بنانا شامل ہے۔
مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والی سعودی ماہر ٹیمیں ہم آہنگی کے ساتھ یہ خدمات فراہم کرتی ہیں جس سے عازمین حج کو روانگی کے پہلے لمحے سے لے کر جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک اطمینان حاصل ہوتا ہے۔

یہ ایک غیر معمولی تجربہ ہوتا ہے جو روانگی کے ملک سے لے کر حرمین شریفین کی سرزمین تک محیط ہے۔
یہ اقدام اپنے پیغام کو مضبوطی سے دہراتا ہے کہ حج کا سفر زیادہ آرام دہ اور آسان بنایا جائے، ایسی خدمات کے ذریعے جو وطن سے شروع ہو کر مکہ مکرمہ کی پرنور فضاؤں میں دعا پر ختم ہوں۔