Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

غیر معمولی حالات کے باوجود پاکستان کا حج آپریشن معمول کے مطابق جاری

ڈائریکٹر حج کے مطابق اتوار اور پیر کے درمیان تین سو زائد عازمین حج کو قومی ایئر لائن کے ذریعے سعودی عرب روانہ کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
ملک بھر میں جاری حج آپریشن اس سال غیر معمولی حالات کے باوجود کامیابی سے جاری ہے۔
حج ڈائریکٹوریٹ کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدہ صورتحال کی وجہ سے کچھ ایئرپورٹس پر پروازوں میں عارضی تعطل آیا، تاہم ڈائریکٹوریٹ نے فوری اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ مسافروں کو متبادل پروازوں میں ایڈجسٹ کیا، تاکہ ان کا حج سفر متاثر نہ ہو۔
ڈائریکٹر حج آپریشن کراچی گلزار احمد سومرو نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ حج آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے اور اب تک ہزاروں عازمین حج کو سعودی عرب روانہ کیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ جغرافیائی کشیدگی کے پیش نظر پی آئی اے نے غیر معمولی تعاون کرتے ہوئے متاثرہ عازمین کو اپنی پروازوں میں جگہ فراہم کی، تاکہ کسی بھی مسافر کو انتظار یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ اتوار اور پیر کے درمیان تین سو زائد عازمین حج کو قومی ایئر لائن کے ذریعے سعودی عرب روانہ کیا گیا ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کا اثر
گذشتہ چند ہفتوں سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات میں ایک بار پھر تناؤ پیدا ہوا ہے۔ سرحدی علاقوں میں جھڑپوں اور فضائی روٹس کی بندش نے اس کشیدگی کو مزید ہوا دی، جس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کچھ ایئر سپیسز کو عارضی طور پر بند کیا۔ اس بندش کا اثر بین الاقوامی پروازوں کے ساتھ ساتھ حج پروازوں پر بھی پڑا۔
گلزار سومرو نے اس حوالے سے کہا کہ ’ہم نے ابتدا سے ہی متبادل منصوبہ بندی کر رکھی تھی تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں عازمین حج کو پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ پی آئی اے کی جانب سے ہمیں مکمل تعاون حاصل ہوا، اور انہوں نے متاثرہ پروازوں کے حاجیوں کو اپنی ریگولر فلائٹس میں ایڈجسٹ کر کے سعودی عرب روانہ کیا۔‘
حج ڈائریکٹوریٹ کے مطابق، ملک کے مختلف شہروں سے حاجیوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے، اور اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان، اور سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں سے حاجی روانہ ہو رہے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام حج آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جہاں کسی ایئرپورٹ پر تکنیکی یا سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پرواز متاثر ہوئی انہیں بھی روانہ کیا جارہا ہے۔

حکومت اور وزارت مذہبی امور کی نگرانی

وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام حج آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عازمین حج کو نہ صرف بہتر سہولیات دی جائیں بلکہ ان کے سفر کو ہر ممکن حد تک آرام دہ اور محفوظ بنایا جائے۔
گلزار سومرو نے مزید کہا، ’ہم روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کی رپورٹنگ کر رہے ہیں، اور سعودی حکام سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ کوئی رکاوٹ یا مسئلہ پیش نہ آئے۔ پاکستان سے روانہ ہونے والے ہر حاجی کے لیے یہ یقینی بنایا گیا ہے کہ ان کے رہائشی، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کے انتظامات مکمل ہوں۔‘

عازمین حج کا اعتماد

متاثرہ حاجیوں نے بھی حج ڈائریکٹوریٹ اور پی آئی اے کے انتظامات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ڈائریکٹر حج آپریشن کراچی گلزار سومرو نے بتایا کہ حج آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)

کراچی ایئرپورٹ پر روانگی سے قبل بات کرتے ہوئے ایک بزرگ حاجی نے کہا، ’ہم نے سنا تھا کہ حالات خراب ہیں، پر جب ہم یہاں پہنچے تو ہر چیز منظم ملی۔ فلائٹ بھی وقت پر ملی، اور افسران ہر قدم پر رہنمائی کرتے رہے۔‘

کشیدہ صورتحال کے باوجود کامیاب حج آپریشن

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدہ حالات، ایئرپورٹس کی بندش، اور غیر یقینی صورتحال کے باوجود حج آپریشن کا کامیابی سے جاری رہنا حکومتی اداروں، پی آئی اے، اور حج ڈائریکٹوریٹ کی مربوط حکمت عملی کا ثبوت ہے۔ اگرچہ فضائی راستوں میں کچھ وقت کے لیے تعطل ضرور آیا، مگر فوری متبادل انتظامات اور پروازوں کی بحالی نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان حج آپریشن کو کامیابی سے چلانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
آنے والے دنوں میں بھی حج پروازیں مرحلہ وار روانہ ہوں گی، اور حکام پر امید ہیں کہ باقی حاجیوں کی روانگی بھی بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے مکمل کر لی جائے گی۔

 

شیئر: