سعودی عرب نے یمن میں جنگ بندی معاہدے سے متعلق عمان کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس کا مقصد بین الاقوامی جہاز رانی اور تجارت کا تحفظ ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں سعودی عرب کی جانب سے یمن کے بحران کے جامع سیاسی حل تک پہنچنے کی تمام کوششوں کی سپورٹ کا اعادہ کیا جس سے یمن اور خطے میں سکیورٹی اور استحکام حاصل ہو سکے۔
مزید پڑھیں
یاد رہے کہ منگل کو سلطنت عمان نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عمان کا کہنا تھا یہ معاہدہ بحیرہ احمر میں ’جہاز رانی کی آزادی‘ کو یقینی بنائے گا، جہاں خوثیوں نے جہازوں پر حملے کیے تھے۔
عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے بیان میں کہا ’حالیہ بات چیت اور روابط... جو کشیدگی میں کمی کے مقصد سے کیے گئے تھے، کے نتیجے میں دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا ہے۔‘
’دونوں میں سے کوئی بھی فریق ایک دوسرے کو نشانہ نہیں بنائے گا... جس سے بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی آزادی اور بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی کو یقینی بنایا جائے گا۔‘
قبل ازیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ یمن میں حوثیوں پر بمباری بند کر دے گا کیونکہ ایران سے وابستہ اس گروپ نے مشرق وسطیٰ میں اہم جہاز رانی کی راہداریاں متاثر نہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔