Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

امریکہ اور حوثیوں  کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہوگیا: عمان

امریکی صدر نے کہا کہ واشنگٹن حوثیوں کے اس وعدے پر اعتماد کرے گا کہ وہ اب مزید جہازوں پر حملہ نہیں کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا اعلان دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کرنے والے ملک عمان نے منگل کے روز کیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عمان نے کہا کہ یہ معاہدہ بحیرہ احمر میں ’جہاز رانی کی آزادی‘ کو یقینی بنائے گا، جہاں خوثیوں نے جہازوں پر حملے کیے تھے۔
عمانی وزیر خارجہ بدر البوسیدی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’حالیہ بات چیت اور روابط... جو کشیدگی میں کمی کے مقصد سے کیے گئے تھے، کے نتیجے میں دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دونوں میں سے کوئی بھی فریق ایک دوسرے کو نشانہ نہیں بنائے گا... جس سے بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی آزادی اور بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی کو یقینی بنایا جائے گا۔‘
قبل ازیں منگل کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ یمن میں حوثیوں پر بمباری بند کر دے گا کیونکہ ایران سے وابستہ اس گروپ نے مشرق وسطیٰ میں اہم جہاز رانی کی راہداریاں متاثر نہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے ساتھ اوول آفس میں ایک ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ حوثیوں نے کہا ہے کہ وہ مزید جنگ نہیں چاہتے، تاہم انہوں نے اس پیغام کی تفصیل نہیں بتائی۔
ٹرمپ نے کہا: ’انہوں نے کہا کہ براہ کرم ہم پر مزید بم نہ گرائیں اور ہم آپ کے جہازوں پر حملہ نہیں کریں گے۔‘
اکتوبر 7، 2023 کو فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے اسرائیل پر مہلک حملے کے بعد جب اسرائیل نے غزہ میں فوجی کارروائی شروع کی، تب سے حوثی اسرائیل اور بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملے کر رہے تھے۔
امریکی صدر نے کہا کہ واشنگٹن حوثیوں کے اس وعدے پر اعتماد کرے گا کہ وہ اب مزید جہازوں کو تباہ نہیں کریں گے۔
غزہ کی جنگ کے آغاز سے ہی کشیدگی عروج پر تھی، لیکن اتوار کے روز جب ایک حوثی میزائل اسرائیل کے بن گوریان ہوائی اڈے کے قریب آ گرا، تو صورتحال مزید سنگین ہو گئی، جس کے جواب میں پیر کو اسرائیل نے یمن کے الحدیدہ بندرگاہ پر فضائی حملے کیے۔
اسرائیلی فوج نے منگل کو یمن کے مرکزی ہوائی اڈے، صنعا ایئرپورٹ، پر فضائی حملہ کیا۔ یہ دو دنوں میں حوثیوں پر اسرائیل کا دوسرا حملہ تھا، جو گروپ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا نتیجہ ہے۔

 

شیئر: