الاتحاد اور النصر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ، رونالڈو اور بنزیما آمنے سامنے
’یہ میچ صرف پوائنٹس کا نہیں وقار اور تاریخ کا مقابلہ ہے جہاں فیصلہ وہی کرے گا جو موقع کو پہچان کر فوراً تھام لے گا‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض کے الاول پارک سٹیڈیم میں کل بدھ کو روشن لیگ کا کانٹے کا مقابلہ النصر اور الاتحاد کے درمیان ہوگا جہاں دنیا کے دو بڑے فٹبال سٹارز کرسٹیانو رونالڈو اور کریم بینزیما آمنے سامنے ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ مقابلہ محض سعودی لیگ کا نہیں بلکہ عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
دونوں کھلاڑی ماضی میں ریال میڈرڈ کے لیے ایک ساتھ کھیل چکے ہیں اور اب حریف بن کر میدان میں اتریں گے۔
الاتحاد 68 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ النصر 60 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
بینزیما اب تک 10 سے زائد گول کر چکے ہیں اور 22 گول کے مواقع پیدا کئے ہیں جبکہ دوسری جانب رونالڈو کم مواقع کو بھی گول میں بدلنے کی مہارت رکھتے ہیں۔

تاریخی طور پر النصر کو معمولی برتری حاصل ہے تاہم الاتحاد نے النصر کے میدان پر زیادہ فتوحات حاصل کی ہیں۔
دونوں ٹیمیں اب تک لیگ میں 33 بار مل چکی ہیں جن میں النصر نے 13، الاتحاد نے 11 میچز جیتے جبکہ 9 برابر رہے۔
الاتحاد کی فتح کی صورت میں قادسیہ ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا جبکہ نتیجہ برابر ہونے پر النصر اور الاهلی کے امکانات بھی ختم ہو سکتے ہیں۔
یہ میچ صرف پوائنٹس کا نہیں وقار اور تاریخ کا مقابلہ ہے جہاں فیصلہ وہی کرے گا جو موقع کو پہچان کر فوراً تھام لے گا۔