چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس نے پاکستان کی سیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی، معرکہ حق کے دوران بے مثال قیادت، پختہ یقین اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی پر سلام پیش کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کانفرنس نے پاکستانی میڈیا اور انفارمیشن وارئیرز کو سراہا جو انڈین پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور جنگی جنون کے خلاف ریاست کے ساتھ قدم ملا کر کھڑے رہے۔‘
فورم نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا تدارک کیا۔
مزید پڑھیں
’فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، جن کی حب الوطنی اور جوش و جذبے نے نہ صرف قومی روح کو اُجاگر کیا، بلکہ قومی بیانیہ کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔‘
کور کمانڈرز کانفرنس نے عزم ظاہر کیا کہ ’طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘
’فورم نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے پراکسیوں کا استعمال انڈیا کا وتیرہ رہا ہے۔‘
کور کمانڈر کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ انتشار اور خوف کی فضا پیدا کرنے کے لیے ’بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ملک دشمن عناصر‘ کو قومی عزم اور مکمل استعداد کے ساتھ ’نیست و نابود‘ کر دیا جائے گا۔
فورم نے پاکستان کے مؤثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی قرار دیا۔
فورم نے انڈیا کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی بھرپور جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین اور واضح تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قرار دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کانفرنس کا آغاز آپریشن ’بنیان مرصوص‘ اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گرد انہ حملے کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔

کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ ’یہ سفاکی انڈیا کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، جس کے نتیجے میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ افراد شہید ہوئے۔‘
بیان کے مطابق ’شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کے سٹریٹیجک وژن، غیرمتزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے اُن کی مؤثر اور گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’فورم نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کی بقا کے لیے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’فورم نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متحرک انڈین حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیوں کی سرکوبی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا۔‘
شرکا کانفرنس نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں کی جانے والی جارحیت کی ناکامی پر انڈیا پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے خفیہ منصوبے پر عمل درآمد کر رہا ہے۔
’انڈیا ایک جانب خود کو دہشت گردی کا شکار ظاہر کرتا ہے، جبکہ درحقیقت وہ خود دہشت گردی کا مرتکب اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے۔‘
بیان کے مطابق فورم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی اور آپریشن 'بنیان مرصوص' کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔