Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

پاکستان کی ’قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت‘ کے دفاع کی حمایت کرتے ہیں: چین

چین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی ’قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت‘ کے دفاع کی حمایت کرتا ہے۔
پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان چار روز تک جھڑپیں اور پھر 10 مئی کو جنگ بندی ہوئی تھی۔ 
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے منگل کو بیجنگ میں اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چین کے وزیر خارجہ نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ’مذاکرات کے ذریعے اختلافات ختم کرنے کی کوششوں‘ کو خوش آئند قرار دیا۔
اسحاق ڈار کا یہ دورہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان ڈرون اور میزائل حملوں اور گولہ باری کے تبادلے کے بعد ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پہلگام حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
انڈیا نے پہلگام حملے کے بعد الزام لگایا کہ عسکریت پسندوں کے اس حملے کے پیچھے پاکستان تھا، تاہم پاکستان اس الزام کی تردید کرتا ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 10 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان اچانک جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا جو ایک ہفتہ گزرنے کے بعد تاحال برقرار ہے۔
واضح رہے کہ چین پاکستان کو اسلحہ فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور اسحاق ڈار نے اس بات کی تصدیق کی کہ اُن کے ملک نے انڈیا کے خلاف چینی طیاروں کا استعمال کیا۔
چینی وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق ’اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران وانگ ژی نے پاکستان کو ایک ’آہنی دوست‘ قرار دیا۔‘
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ’ہر دور کی سٹریٹجک شراکت داری‘ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

 

شیئر: