پاکستان اور انڈیا کی حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کا آج سے دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔
سنیچر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں نو روز کے وقفے کے بعد ایونٹ کے 27 ویں میچ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
’ٹیمیں 6، خوف 0‘، پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کا نیا شیڈولNode ID: 889613
یاد رہے کہ پاکستان اور انڈیا کی کشیدگی کے دوران پنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے متصل فوڈ سٹریٹ میں ڈرون گرنے کے بعد پی ایس ایل 10 کے باقی میچز کو ابتدائی طور پر دبئی منتقل کر دیا گیا تھا۔
تاہم بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پی سی بی نے اپنے ابتدائی فیصلے کو تبدیل کرتے ہوئے پی ایس ایل 10 کو ملتوی کردیا تھا۔
آج کا میچ
کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
کراچی کنگز کی قیادت ڈیوڈ وارنر جبکہ پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں۔ رواں ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز اس سے قبل آٹھ میچز کھیل چکی ہے جس میں سے اسے پانچ میں کامیابی ملی جبکہ تین میں شکست ہوئی۔
اسی طرح سے پشاور زلمی نے چار میچز میں فتح حاصل کی جبکہ چار میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
پوائنٹس ٹیبل
پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
لاہور قلندرز کا نو پوائنٹس کے ساتھ چوتھا نمبر ہے جبکہ پشاور زلمی آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
ملتان سلطانز دو پوائنٹس کے ساتھ پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔
پشاور زلمی کی ٹیم
محمد حارث (وکٹ کیپر)،صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، ٹام کوہلر کیڈمور، حسین طلعت، میکس برائنٹ، معاذ صداقت، لیوک وُڈ، احمد دانیال، عارف یعقوب اور علی رضا پشاور زلمی کی ٹیم میں شامل ہیں۔
کراچی کنگز کی ٹیم
ڈیوڈ وارنر(کپتان)، بین میکڈرموٹ، جیمز ونس، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، خوشدل شاہ، عرفان خان نیازی، محمد نبی، عامر جمال، عباس آفریدی، حسن علی اور میر حمزہ کراچی کنگز کی ٹیم کا حصہ ہیں۔