Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

پاکستان، انڈیا کشیدگی: پی ایس ایل کے بقیہ 8 میچز دبئی منتقل

پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی ماندہ میچز یو اے ای منتقل کر دیے گئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کے روز طویل مشاورت کے بعد تصدیق کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے باقی آٹھ میچز انڈیا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیے گئے ہیں۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی ماندہ میچز یو اے ای منتقل کر دیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ میچ کے اپڈیٹ شدہ تاریخوں اور مقامات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ایک انڈین ڈرون کے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے احاطے میں گرنے کی خبر کے بعد بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں، فرنچائز نمائندگان اور کھلاڑیوں کے درمیان ایک طویل اجلاس ہوا۔
یہ اُن کئی ڈرونز میں سے ایک تھا جو انڈیا کی جانب سے آج صبح پاکستان کے مختلف علاقوں پر چھوڑے گئے، جنہوں نے ملک کے کم از کم 12 شہروں کو نشانہ بنایا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’پی سی بی ہمیشہ اس مؤقف پر قائم رہا ہے کہ سیاست اور کھیل کو الگ رکھنا چاہیے۔ تاہم، انڈیا کی جانب سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو نشانہ بنانے کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک اقدام، جو کہ بظاہر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 کو سبوتاژ کرنے کے لیے کیا گیا، کے پیشِ نظر پی سی بی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ باقی ماندہ میچز یو اے ای منتقل کیے جائیں تاکہ ہمارے مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں، جو ہمارے قیمتی مہمان ہیں، کوانڈیا کی ممکنہ جارحیت سے محفوظ رکھا جا سکے۔
’ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر، جو بارہا مشکلات پر قابو پا کر کرکٹ کے فروغ کو یقینی بناتا رہا ہے، ہمارے لیے یہ ضروری تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کو یقینی بنایا جائے۔ مجھے افسوس ہے کہ ہمارے مقامی شائقین اور کرکٹ سے محبت کرنے والے افراد ان میچز کو پاکستان کے میدانوں میں براہِ راست نہیں دیکھ سکیں گے۔‘

شیئر: