عادل الجبیر عرب کانفرنس میں شرکت کے لیے بغداد پہنچ گئے
’اہم علاقائی امور پر غور و خوض کیا جائے گا جن میں سرفہرست غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزیر مملکت برائے خارجہ امورعادل الجبیر عراق کے دار الحکومت بغداد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سعودی عرب کی نمائندگی کرتے ہوئے عرب کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بغداد میں آج 34 ویں عرب سربراہ کانفرنس منعقد ہوگی۔
بغداد میں منعقد ہونے والی عرب سربراہ اجلاس کا مرکزی موضوع اہم علاقائی امور پر غور و خوض ہے جن میں سرفہرست غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت ہے۔
اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ، منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام اور مشترکہ عرب سلامتی کو مضبوط بنانے جیسے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔
یہ کانفرنس خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سیاسی مرحلہ شمار کی جا رہی ہے جہاں عالمی برادری کو امید ہے کہ ان مذاکرات سے ایسے مشترکہ موقف سامنے آئیں گے جو حالات کو پرامن بنانے اور موجودہ چیلنجوں کے پائیدار حل کی راہ ہموار کریں گے۔