Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

حج سیزن میں دھوکہ دہی کے نئے طریقے روکنے کے لیے سعودی حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے؟

جیسے جیسے حج سیزن قریب آ رہا ہے، جعلی ایجنسیوں کے ذریعے حاجیوں کو نشانہ بنانے والے اشتہارات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
 یہ ایجنسیاں جھوٹے دعوے کرتی ہیں کہ وہ پرکشش قیمتوں پر پُرتعیش خدمات کے ساتھ حج پیکجز فراہم کر رہی ہیں اور جعلی حج ویزوں کے اجرا کا وعدہ بھی کرتی ہیں۔
درحقیقت ایسی ہر ایک پیشکش صرف دھوکہ دہی پر مبنی ہوتی ہے جس کا مقصد معصوم حاجیوں کی رقم کو لوٹنا ہے۔
سرکاری حکام زور دیتے ہیں کہ صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے ہی رجوع کیا جائے۔
وزارت حج و عمرہ نے تصدیق کی ہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے صرف حج ویزا ہی قابل قبول ہے، اس کے علاوہ کسی اور قسم کا ویزا منظور نہیں کیا جائے گا۔
حج پرمٹ صرف ’نسک ایپ‘ یا اجازت نامہ پلیٹ فارم (تصریح) کے ذریعے جاری کیا جاتا ہے، جو کہ مملکت کے اندر اور باہر تمام عازمین کو جامع مذہبی تجربہ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ ’نسک‘ ایپ کے علاوہ کسی اور ذریعے سے رجوع کرنا حاجی کو حج کی سعادت سے محروم کر سکتا ہے۔
اسی تناظر میں وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ جو کوئی بھی بغیر اجازت حج میں داخل ہونے یا مقدس مقامات تک پہنچنے کی کوشش کرے گا، اس پر قانونی سزائیں عائد کی جائیں گی۔ خلاف ورزی کرنے والے کو 20 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ کیا جائے گا، جبکہ غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا جائے گا اور 10 سال کے لیے مملکت میں داخلے پر پابندی لگائی جائے گی۔
اسی طرح جو کوئی بھی وزٹ ویزا رکھنے والوں کو پناہ دے گا یا ان کی معاونت کرے گا - چاہے وہ ہوٹلز، اپارٹمنٹس، نجی رہائش، شیلٹرز یا حاجیوں کی رہائش گاہیں ہوں - اس پر 1 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ہر خلاف ورزی کے ساتھ جرمانہ بڑھتا جائے گا۔
سعودی سیکیورٹی فورسز نے پہلے ہی مختلف ممالک کے افراد کو گرفتار کیا ہے جو جعلی حج مہم کے گمراہ کن اشتہارات میں ملوث تھے۔ ان سکیمز میں حاجیوں کو رہائش، مقدس مقامات کے اندر نقل و حمل، اور یہاں تک کہ وزٹ ویزا کے اجرا کا جھوٹا وعدہ کیا گیا تھا۔
مملکت عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے مسلسل آگاہی مہم چلا رہی ہے تاکہ حاجیوں میں شعور بیدار ہو اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کی روک تھام کی جا سکے۔

متعلقہ حکام دھوکہ دہی اور حج قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات درج کرنے کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
  • 330330  دھوکہ دہی پر مبنی ایس ایم ایس پیغامات کے لیے
  • 911  مکہ، مدینہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں حج قوانین کی خلاف ورزیوں کے لیے
  • 999 مملکت کے باقی تمام علاقوں کے لیے
  • 1966  حاجیوں کی جانب سے شکایات اور رپورٹس کے لیے

شیئر: