وزارت حج وعمرہ نے حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ ’نسک کارڈ‘ ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں۔ ڈیجیٹل حج کارڈ کی اہمیت سے ہر عازم حج کا واقف ہونا انتہائی ضروری ہے۔
مزید پڑھیں
-
مسجد الحرام کی لائبریری میں عازمین حج کی سہولت کےلیے اقدامات
Node ID: 889348
سبق نیوز کے مطابق وزارت حج و عمرہ اور عازمین کی آگاہی سینٹر نے مشترکہ طورپر مملکت میں موجود عازمین حج کو آگاہی فراہم کرنے اور انہیں نسک کارڈ کی اہمیت سے مطلع کرنے کےلیے خصوصی مہم شروع کی ہے اس ضمن میں ’نسک کارڈ‘ کے حوالے سے وزارت کا کہنا ہے کہ عازمین حج مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں قیام کے دوران جب بھی اپنی رہائشی گاہوں سے باہر جائیں لازمی طورپر اپنے ہمراہ رکھیں اور جب بھی کوئی سرکاری اہلکار کارڈ طلب کرے تو اسے پیش کیا جائے۔
نسک کارڈ میں عازم حج کے بارے میں جملہ تفصیلات فراہم کی گئی ہیں جس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انکی عارضی رہائش کا مقام اور مشاعر مقدسہ ( وادی منی ، عرفات اور مزدلفہ ) میں انکے خیموں کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔
نسک کارڈ میں موجود کیوآر کوڈ کو اسکین کرتے ہی تمام معلومات سرکاری اہلکاروں کے سسٹم پر ظاہر ہوجاتی ہیں جس سے عازمین اگر اپنی رہائشی عمارت کا مقام بھول جائیں تو انہیں با آسانی وہاں پہنچایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کے نسک کارڈز انکے ممالک کے حج مشنز کے ذریعے عازمین کو فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ اندرون مملکت سے فریضہ حج کےلیے جانے والوں کے نسک کارڈز وزارت حج وعمرہ کی جانب سے لائسنس یافتہ لوکل حج سروسز گروپس فراہم کرتے ہیں۔