جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس نے منگل کے روز اپنا اب تک کا سب سے پتلا فلیگ شپ ماڈل ایس 25 ایج متعارف کروا دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایس 25 ایج میں جدید مصنوعی ذہانت (AI) کی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ یہ نیا فون پریمیم مارکیٹ میں اپنے حریف ایپل سے آگے نکلنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
ایس 25 ایج کی لانچنگ نوجوان صارفین بالخصوص 20 اور 30 کی دہائی کی عمروں کے افراد، کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدِنظر رکھ کر کی گئی ہے جو زیادہ تر ہلکے اور آسانی سے جیب میں فِٹ آنے والے سمارٹ فونز کی خواہش رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
سام سنگ کی نئی ایس 25 سیریز اور ’ایک نیا سرپرائز فون‘، قیمت کیا؟Node ID: 884848
-
ایپل کمپنی آئی فون چین کے بجائے انڈیا میں کیوں بنانا چاہتی ہے؟Node ID: 888846
سام سنگ نے کہا کہ ’صارفین کی رائے واضح تھی، وہ ایسا فون چاہتے تھے جو پتلا ہو اور جسے جیب میں رکھنے میں آسانی ہو، لیکن کارکردگی پر بھی سمجھوتہ نہ ہو ۔‘
اسی مقصد کے لیے کمپنی نے ڈیوائس کے اندرونی ڈھانچے میں تبدیلیاں کیں جن میں پرنٹڈ سرکٹ بورڈ اور تھرمل سسٹمز کی موٹائی کو کم کرنا شامل ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سام سنگ نے یہ نیا ماڈل اس حکمتِ عملی کے تحت جلد متعارف کروایا ہے تاکہ ایپل پر سبقت حاصل کی جا سکے، جو سال کی دوسری ششماہی میں ایک پتلا آئی فون متعارف کروانے والا ہے۔
این ایچ انویسٹمنٹ اینڈ سیکیورٹیز کے سینئر تجزیہ کار، ریو یانگ ہو نے کہا، ’چند ماہ پہلے نیا ماڈل لانچ کر کے، سام سنگ ممکنہ طور پر ایپل پر اثر ڈال سکتا ہے اور اُن صارفین کو متوجہ کر سکتا ہے جو پتلے سمارٹ فونز کی تلاش میں ہیں۔ یہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی لگتی ہے تاکہ اس مخصوص مارکیٹ میں قدم جمایا جا سکے۔‘

سام سنگ کے مطابق ایس 25 ایج 23 مئی کو جنوبی کوریا میں اور 30 مئی کو امریکہ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ اسے تقریباً 30 دیگر ممالک، جن میں چین اور یورپی ممالک شامل ہیں، میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
یہ ماڈل 1,099 ڈالر کی ابتدائی قیمت کے ساتھ دستیاب ہوگا جس میں 6.7 انچ (170 ملی میٹر) کی سکرین اور 5.8 ملی میٹر پتلا باڈی ڈیزائن شامل ہے۔ یہ سائز میں بنیادی S25 ماڈل سے بڑا ہے لیکن وزن میں محض معمولی فرق ہے۔
ایس 25 ایج میں سام سنگ کے جدید ترین AI فیچرز ہیں، جن میں ملٹی موڈل مصنوعی ذہانت بھی شامل ہے۔ اس کی بدولت صارفین کیمرے اور آواز کے ذریعے ریئل ٹائم میں فون سے بات چیت کر سکتے ہیں، مثلاً کیمرے کی مدد سے سوالات پوچھنا وغیرہ۔
سام سنگ نے اس نئے ماڈل کی تیاری کے مقام کا انکشاف نہیں کیا۔
کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں سام سنگ دنیا کا سب سے بڑا سمارٹ فون بنانے والا برینڈ بن گیا تھا، جس نے عالمی مارکیٹ کا 20 فیصد حصہ حاصل کیا جبکہ ایپل 19 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
تاہم سام سنگ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اگر ٹیرف (محصولات) کے خطرات سے طلب متاثر ہوئی تو دوسری سہ ماہی میں شپمنٹس متاثر ہو سکتی ہیں۔
سام سنگ S25 Edge میں کیا خصوصیات ہیں؟
گلیکسی ایس 25 ایج صرف 5.8 ملی میٹر چوڑا ہے جو اسے کمپنی کا اب تک کا سب سے پتلا فون بناتا ہے۔ اس کا وزن 163 گرام ہے، جو کہ S25 Ultra کے مقابلے میں تقریباً 30فیصد پتلا اور 25 فیصد ہلکا ہے۔
فون میں ٹائٹینیم فریم اور نیا کورننگ گوریلا گلا سیرامک 2 شامل ہے، جو اسے مزید مضبوط بناتے ہیں۔
ڈسپلے
اس میں 6.7 انچ کی ڈائنیمیک ایمولیڈ 2 ایکس ڈسپلے سکرین ہے جس کی ریزولیوشن 3200x1440 ہے۔ اس کی سکرین میں 120Hz ایڈاپٹیو ریفریش ریٹ اور HDR10+ سپورٹ دیا گیا ہے۔ اس کی سکرین ٹو باڈی ریشو 91.2 فیصد ہے اور فون کو IP68 واٹر اور ڈسٹ پروف ریٹنگ حاصل ہے۔

کیمرہ سسٹم
ایس 25 ایج کے بیک کیمروں میں 200MP وائیڈ (OIS، 2x آپٹیکل زوم) اور 12MP الٹرا وائیڈ لینز شامل ہیں۔ اس کا فرنٹ کیمرہ 12 میگا پکسل کا ہے۔
فون میں بہتر نائٹ موڈ (Nightography) دیا گیا ہے اور مصونعی ذہان سے لیس ProVisual انجن اندھیرے میں 40 فیصد بہتر کیمرہ رزلٹ فراہم کر سکتا ہے۔
اس میں Audio Eraser 2 اور Drawing Assist جیسے مصنوعی ذہانت کے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
پرفارمنس اور ہارڈ ویئر
ایس 25 ایج میں Snapdragon 8 Elite چپ شامل ہے جو گلیکسی فونز کے لیے خاص طور پر تیار کی گئی ہے۔
فون میں 12 جی بی ریم ہے اور سٹوریج میں 256GB اور 512GB کے آپشنز میسر ہیں۔
اس کی بیٹری 3900 mAh کی ہے جو 25 واٹ کے چارجر سے 30 منٹ میں 55 فیصد چارج کر سکتی ہے۔ فون میں وائر لیس چارجنگ اور وائرلیس پاور شیئر بھی موجود ہے۔ اس میں پتلے ڈیزائن کے ساتھ بہتر کولنگ سسٹم بھی دیا گیا ہے۔
