صدر ٹرمپ نے تاریخی مقام ’الدرعیہ‘ کا خصوصی دورہ کیا
گالف کارٹ میں درعیہ کے مختلف تاریخی مقامات کی سیر کی۔ (فوٹو: سبق)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الطریف کے تاریخی مقام ’الدرعیہ‘ کا خصوصی دورہ کیا۔
الاخباریہ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خصوصی گالف کارٹ میں درعیہ کے مختلف تاریخی مقامات کی سیر کی۔
ولی عہد محمد بن سلمان نے دوستانہ ماحول میں گالف کارٹ ڈرائیو کی اور امریکی صدر کو درعیہ کے مختلف مقامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
الدرعیہ میں امریکی صدر اور ان کے ہمراہ وفد کے استقبال کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ سعودی فنکاروں نے روایتی رقص اور لوگ گیت پیش کیے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر مملکت کے دورے پر منگل کو ریاض پہنچے جہاں انہوں نے سعودی ، امریکی سرمایہ کاری فورم میں بھی خطاب کیا۔
ریاض کے الیمامہ پیلس میں سعودی عرب اور امریکہ کے مابین اقتصادی اسٹراٹیجک شراکت داری کے حوالے سے معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
