Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

دس لاکھ سعودیوں کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دی جائے گی، مہم کا آغاز

سدایا نے وزارت تعلیم و افرادی قوت کے اشتراک سے مہم شروع کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی’سدایا‘ نے وزارت تعلیم و افرادی قوت کے اشتراک سے سعودی شہریوں کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے لیے ’سمای‘ مہم کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں سعودی شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں مہارت فراہم کرنا ہے۔
تربیتی مہم کے تحت 10 لاکھ سعودیوں کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دی جائے گی تاکہ انہیں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔
تربیتی مہم میں شریک شہریوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے استعمال اور اس کے ضوابط و سافٹ ویئرز کے استعمال کے بارے میں مرحلہ وار تربیت دی جائے گی تاکہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جاسکے۔
تربیتی مہم کے مراحل کو عالمی معیار کے مطابق مرتب کیا گیا ہے جس میں ابتدائی طورپر مصنوعی ذہانت کا تعارف، اہمیت  اورعصرِ حاضر میں اس  کی ضرورت و تقاضوں کو  شامل ہے۔
مصنوعی ذہانت کی تربیتی مہم کے کورسز آن لائن ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے مستفیض ہو سکیں اور وہ اپنے فارغ وقت کو بہتر کام میں صرف کریں۔
تربیت مکمل کرنے والے امیدوار کو ’سدایا‘ کی جانب سے مصدقہ سند بھی جاری کی جائے گی جس میں کورس کے مندرجات کے بارے میں وضاحت کی جائے گی۔
’سدایا‘ اور وزارت تعلیم و افرادی قوت کی جانب سے سعودی مرد وخواتین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کورس جوائن کرنے کے لیے رجسٹریشن کرائیں۔ 

 

شیئر: