Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

انڈیا نے 6 مقامات پر حملے کیے، 26 اموات اور 46 زخمی ہوئے: ڈی جی آئی ایس پی آر

افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ’انڈیا نے پاکستان میں 6 مقامات پر 24 حملے کیے ہیں جن میں 26 اموات ہوئیں جبکہ 46 افراد زخمی ہوئے۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بدھ کی علی الصبح نیوز بریفنگ میں تصدیق کی کہ ’انڈیا نے پاکستان میں چھ جگہوں پر فضا سے میزائل داغے ہیں جن میں مریدکے، احمدپور شرقیہ، کوٹلی، مظفرآباد،  سیالکوٹ اور شکر گڑھ شامل ہیں۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بدھ کو صبح 10 بجے کے قریب اپنی دوسری بریفنگ میں بتایا کہ انڈیا کے حملے کے چند لمحوں بعد ہی افواج پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے پانچ انڈین طیارے اور ایک کمبیٹ ڈرون مار گرایا ہے۔
ترجمان کے مطابق مار گرائے جانے والے انڈین فوج کے جنگی طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو طیارہ شامل ہے جبکہ ایک کمبیٹ ڈرون بھی مار گرایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ طیارے اور ڈرون جنرل ایریا بھٹنڈا، جموں میں، دو اونتی پور کے علاقے میں جبکہ ایک اکھنور اور ایک سری نگر کے علاقے میں گرایا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان ایئر فورس نے ان طیاروں کو اس وقت مار گرایا جب انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس انڈیا کے مزید طیاروں کو نشانہ بنا سکتی تھی لیکن تحمل کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ انڈیا نے احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا جس میں 13 افراد مارے گئے جبکہ 37 زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں تین سال کی دو بچیاں بھی شامل ہیں۔
مظفرآباد کے قریب مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں تین ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہیں۔
انڈیا نے کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا ہے جس میں ایک 16 سالہ بچی اور ایک 18 سالہ لڑکا ہلاک ہوا ہے جبکہ ایک ماں اور بچی زخمی ہیں۔
مرید کے میں بھی ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں تین مرد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کے شمال میں کوٹلی لوہاراں میں دو حملے کیے گئے جبکہ شکرگڑھ  کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ایک ڈسپینسری کو نقصان ہہنچا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ رات سے انڈیا کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جاری فائرنگ میں پانچ شہریوں کی موت واقع ہوئی ہے جس میں ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ انڈیا نے نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ پر بھی گولہ باری کی ہے جس سے ڈی سینڈرز یونٹ میں واقع انٹیک گیٹس کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں کے بتایا کہ ہائیڈرولک سسٹم کے ایک ہائیڈرولک پروٹیکشن یونٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی جانب سے آبی ذخائر پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

 وزیراعلٰی پنجاب نے شہری دفاع سمیت دیگر تمام اداروں کے افسران اور عملے کو بھی طلب کر لیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان میں 9 اہداف کو نشانہ بنایا گیا: انڈین وزارت دفاع کی تصدیق
دوسری جانب انڈیا کی وزارت دفاع نے رات گئے ایک اعلامیے میں دعویٰ کیا کہ انڈین آرمی نے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 9 اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے انڈیا کے خلاف ’دہشت گردی‘ کی منصوبہ بندی اور احکامات دیے گئے۔
انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت مجموعی طور پر 9  اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائیاں نہایت محتاط، محدود اور غیر اشتعال انگیز نوعیت کی تھیں، جن میں کسی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ آج بعد از دوپہر دی جائے گی۔

شیئر: