Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

’یہ شرمناک ہے،‘ صدر ٹرمپ کا انڈیا کے پاکستان پر حملے پر ردعمل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ انہیں امید ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان جھڑپیں ’بہت جلد‘ ختم ہو جائیں گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کا بیان اس وقت سامنے آیا جب انڈین افواج نے پاکستان میں کئی مقامات پر حملے کیے اور اسلام آباد نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا۔
صدر ٹرمپ سے جب انڈین حملے کے بارے میں پوچھا گیا کہ تو ان کا کہنا ہے ’یہ شرمناک ہے، ہمیں ابھی اس بارے میں معلوم ہوا۔‘
’میرا خیال ہے لوگوں کو اندازہ تھا کہ کچھ ہونے والا ہے، ماضی کو دیکھتے ہوئے۔ وہ کئی دہائیوں اور درحقیقت صدیوں سے لڑ رہے ہیں، اگر آپ واقعی اس پر غور کریں۔‘
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں صرف امید کرتا ہوں کہ یہ جلد ختم ہو جائے۔‘
یہ توقع کی جا رہی تھی کہ انڈیا عسکری ردِعمل دے گا کیونکہ بندوق برداروں نے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں 26 افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں زیادہ تر ہندو تھے۔
نئی دہلی نے اس حملے کا الزام لشکرِ طیبہ پر لگایا ہے۔
پاکستانی فوج نے کہا کہ انڈین حملوں کا نشانہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں تین مقامات اور صوبہ پنجاب میں دو مقامات بنے،۔
اسلام آباد نے کہا کہ انڈین حملوں میں تین شہری، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، ہلاک ہوئے ہیں۔
انڈین حملے اس وقت کیے گئے جب امریکی محکمہ خارجہ نے تازہ اپیل کی کہ فریقین تحمل سے کام لیں۔
محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم پاکستان اور انڈیا پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایک ذمہ دارانہ حل کی طرف پیش قدمی کریں جو جنوبی ایشیا میں طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام کو یقینی بنائے۔‘

دنیا انڈیا اور پاکستان کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتی: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ انڈیا کے پاکستان پر فوجی حملوں پر بہت فکرمند ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان کا بدھ کی صبح کہنا تھا کہ ’سیکریٹری جنرل کو کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد کے پار انڈیا کی فوجی کارروائیوں پر شدید تشویش ہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ انتونیو گوتریس نے دونوں ممالک پر  زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہر کرنے پر زور دیا۔
ان کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کے مطابق سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ’دنیا انڈیا اور پاکستان کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔‘
انتونیو گوتریس کا بیان انڈیا کی جانب سے پاکستان پر حملے کے اعلان کے  چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔

 

شیئر: