’مکہ روٹ‘ انیشیٹو سعودی حکومت کا مثالی منصوبہ، بنگلہ دیشی جوڑے کے تاثرات
ایئرپورٹ پر تمام مراحل بہت شاندار طریقے سے مکمل ہوگئے (فوٹو: ایس پی اے)
امریکہ میں مقیم بنگلہ دیشی جوڑے کا کہنا ہے کہ ’مکہ روٹ‘ انیشیٹو سعودی حکومت کا مثالی منصوبہ ہے جس سے عازمین حج کو سہولت ہوتی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیشی محمد حبیب الرحمان نے بتایا’ وہ برسوں سے امریکہ میں مقیم ہیں۔ مکہ روٹ انیشیٹو کے بارے میں سنا تھا اس لیے فیصلہ کیا کہ فریضہ کی ادائیگی کے لیے ’مکہ روٹ‘ کا انتخاب کیا جائے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’ ڈھاکا کے حضرت شاہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ مکہ روٹ منصوبے کی وجہ سے تمام مراحل بہت شاندار طریقے سے مکمل ہوگئے۔‘
واضح رہے وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ، صحت اور حج و عمرہ کے تعاون سے بنگلہ دیش سمیت 7 ممالک کے لیے ’مکہ روٹ‘ منصوبہ شروع کیا ہوا ہے۔
جس کے تحت ان ممالک کے بڑے شہروں کے ایئرپورٹس پر سعودی امیگریشن کے کاونٹرز قائم کیے جاتے ہیں جو وہاں کے عازمین حج کے امیگریشن معاملات کو ان کے ملک میں ہی نمٹا دیتے ہیں۔
جب عازمین مملکت پہنچتے ہیں تو انہیں امیگریشن کےلیے قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ وہ لاونج سے سیدھے بسوں میں سوار ہو کر اپنی رہائش پر پہنچ جاتے ہیں جہاں ان کا سامان ان سے پہلے ہی پہنچا دیا جاتا ہے۔
