امارات کا 7 مئی سے لبنان پر سفری پابندی ختم کرنے کا اعلان
متحدہ عرب امارات نے 2021 میں اپنے شہریوں کے لبنان کا سفر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔ (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں پر لبنان کا سفر کرنے پر عائد پابندی 7 مئی 2025 سے ختم کر دے گی۔
عرب نیوز نے وام نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ یہ اعلان لبنانی صدرِ مملکت کے گزشتہ ہفتے کے دورۂ امارات کے بعد کیا گیا۔
یہ فیصلہ جمعرات کو جاری کردہ ایک مشترکہ بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں لبنانی صدر جوزف عون اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے دونوں ممالک کے درمیان سفر کو آسان بنانے اور نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔
متحدہ عرب امارات نے 2021 میں اپنے شہریوں کے لبنان کا سفر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔ تاہم، لبنانی شہریوں پر امارات آنے کی کوئی پابندی نہیں تھی۔
لبنان کے وزیرِ اعظم نواف سلام نے کہا کہ یہ فیصلہ بیروت اور ابوظہبی کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیصلے پر امارات اور اس کے صدر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں
نواف سلام نے مزید کہا: ’لبنان اور لبنانی عوام اپنے اماراتی بھائیوں اور خلیج و عرب دنیا کے دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے پُر جوش ہیں۔‘
