مکہ مکرمہ میں فرضی حج ادارہ چلانے پر غیر ملکی گرفتار
’گرفتار شدہ شخص مصری تارک وطن ہے اور لوگوں کو بے وقوف بنا کر رقم بٹور رہا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ پولیس نے فرضی حج ادارہ چلانے والے غیر ملکی کو گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گرفتار شدہ شخص سوشل میڈیا پر حج مہم کی تشہیر کر رہا تھا۔
خمیس مشیط پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدہ شخص مصری تارک وطن ہے اور لوگوں کو بے وقوف بنا کر ان سے رقم بٹور رہا تھا، اس کے قبضے سے لوگوں سے حاصل کی جانے والی رقوم اور فرضی معاہدے ضبط ہوئے ہیں‘۔
مکہ مکرمہ پولیس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص نے سوشل میڈیا پر دعوی کیا ہے کہ مشاعر مقدسہ میں اس کے پاس عازمین کی رہائش کے لیے خیمے ہیں‘۔
پولیس نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ حج پیکیجز صرف اور صرف وزارت حج و عمرہ کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں جہاں سے بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔