می الرشید، عرب بیڈمنٹن فیڈریشن کی سربراہ منتخب
’انتخابی اجلاس چین میں انٹرنیشنل بیڈمنٹن فیڈریشن کی جنرل اسمبلی کی سرگرمیوں کے موقع پر ہوا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی خاتون می بنت عبید الرشیدکو عرب بیڈمنٹن فیڈریشن کی صدر منتخب کر لیا گیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق می الرشید کا بطور سربراہ انتخاب عرب کھیلوں کی تاریخ میں بے مثال پیشرفت ہے۔
یہ انتخابی اجلاس چین میں انٹرنیشنل بیڈمنٹن فیڈریشن کی جنرل اسمبلی کی سرگرمیوں کے موقع پر منعقد ہوا ہے۔
می الرشید کو اراکین کا اعتماد حاصل ہوا جب انہوں نے 10 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے عراقی حریف فان شوقی یوسف کو 8 ووٹ ملے۔
یوں وہ اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی سعودی خاتون بن گئیں۔
خلیجی اور عرب کھیلوں کے حلقوں میں اس کامیابی کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا ہے اور اسے سعودی خواتین کی علاقائی سپورٹس قیادت میں شمولیت کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔
می الرشید کا انتخاب اس وقت عمل میں آیا جب ڈاکٹر سوسن حاجی تقوی نے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا۔
وہ 2018 سے فیڈریشن کی صدر رہ چکی تھیں اور ان کے دور قیادت میں اس کھیل نے فنی اور تنظیمی دونوں سطحوں پر نمایاں ترقی دیکھی۔