Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

ہوائی جہاز کی کھڑکی میں ایک چھوٹا سا مخصوص ’سوراخ‘ کیوں ہوتا ہے؟

ہوائی سفر کرنے والے اکثر مسافروں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے جہاز کی ونڈو سیٹ کا انتخاب کریں، لیکن کیا کبھی آپ نے غور کیا ہے کہ جہاز کی کھڑکی کے شیشوں میں ایک چھوٹا سا سوراخ موجود ہوتا ہے اور اس کا مقصد کیا ہے۔
ایوی ایشن ویب سائٹ سمپل فلائنگ کے مطابق ان سوراخوں کو ’بلیڈ ہولز‘ کہا جاتا جو جہازوں میں انجینیئرنگ اور ڈیزائن کی ایک بہترین مثال ہے۔ 
انسان زمین سے جتنی اونچائی پر ہوتا ہے ہوا میں آکسیجن کا تناسب اتنا ہی کم ہوتا چلا جاتا ہے اور جہازوں میں ان ’بلیڈ ہولز‘ کے پیچھے جو سائنسی عمل دخل ہے وہ بھی یہی ہے کہ جیسے کوئی جہاز اونچائی پر اڑان بھر رہا ہوتا ہے اس میں آکسیجن کم ہوتی جاتی ہے۔
تاہم آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے کے لیے جہازوں کے کیبنز کو پریشرائزڈ رکھا جاتا ہے تاکہ مسافر اور کیبن کریو آسانی سے سانس لے سکیں۔ ایسا جیٹ انجنز کی مدد سے کیبن میں ہوا پمپ کر کے ممکن بنایا جاتا ہے۔ 
ایک بار جب کیبن مثالی دباؤ حاصل کر لیتا ہے، تو اسے ایک آؤٹ فلو والو کے ذریعے برقرار رکھا جاتا ہے۔ اگر ہوائی جہاز کا کیبن ہوا کے دباؤ سے زیادہ ہو جائے گا جس کے لیے اسے ڈیزائن کیا گیا ہے، تو آؤٹ فلو والو کھل جائے گا اور ہوا باہر نکلے گی۔ ایک بار جب صحیح دباؤ حاصل ہو جائے گا، والو بند ہو جائے گا۔

ونڈو سیٹ کے شیشوں میں موجود یہ ’بلیڈ ہولز‘ جہاز کے کیبن پریشر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ (فوٹو: گیٹی ایمجز)

جب کہ ہوائی جہاز کے کیبن کو مسافروں کے سانس لینے میں مدد کے لیے پریشرائز کیا جاتا ہے مگر یہ ہوائی جہاز کے لیے اتنا اچھا نہیں ہے کیونکہ اسے دباؤ کو خارج کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور یہیں کھڑکیوں میں موجود ’بلیڈ ہولز‘ کام آتے ہیں۔
اگر آپ کھڑکی کو قریب سے دیکھیں تو آپ دیکھیں گے کہ یہ صرف ایک پین گلاس نہیں بلکہ پلیکسی گلاس کے تین ٹکڑے آپس میں جوڑے گئے ہوتے ہیں۔ سب سے اندرونی پین جسے آپ چھو سکتے ہیں وہ درمیانی اور بیرونی پین کی حفاظت کے لیے موجود ہوتا ہے، جو خاص طور پر کیبن اور باہر کی ہوا کے درمیان ہوا کے دباؤ میں فرق رکھنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔ کھڑکی میں یہ چھوٹا سا سوراخ کیبن اور باہر کی ہوا کے درمیان دباؤ کے فرق کو متوازن کرنے میں مدد کرتا ہے۔
کھڑکی میں سوراخ کا ایک اور مقصد بھی ہے اور وہ یہ کہ اس سے شیشوں پر فراسٹ نہیں جمتی اور مسافر جہاز میں بیٹھے باہر کا بہترین نظارہ کر سکتے ہیں۔

شیئر: