Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 07 جون ، 2025 | Saturday , June   07, 2025
ہفتہ ، 07 جون ، 2025 | Saturday , June   07, 2025

چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں پی سی بی کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ کیا تھی؟

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ایونٹ اپنے نام کر لیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد ہونے والی اختتامی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نمائندگی نہ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر کافی بحث چھڑ چکی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اردو نیوز کو اس معاملے پر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سیمر احمد فائنل کے دن دبئی میں موجود تھے لیکن انہیں میچ کے بعد اختتامی تقریب کے لیے پوڈیم پر مدعو نہیں کیا گیا۔
سمیر احمد جو پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیں، وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کی ذمہ داری بھی نبھا رہے تھے۔
پریس ٹرسٹ انڈیا کی رپورٹ میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ’سمیر احمد اور آئی سی سی کے عہدیداروں کے درمیان رابطوں میں غلطی کے باعث ایسا ہوا۔‘
دوسری جانب انڈین میڈیا اس بات کا دعویٰ کر رہا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی ملکی سیاسی معاملات کی وجہ سے تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
انڈیا ٹودے نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی جو کے وفاقی وزیرداخلہ بھی ہیں، وہ اسلام آباد میں ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن کے باعث دبئی نہیں جا سکے۔
اختتامی تقریب کے لیے مہمانوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرتی ہے لہٰذا یہ بات ابھی تک سامنے نہیں آ سکی کہ پی سی بی کی نمائندگی کسی غلطی کی وجہ سے نہیں ہو سکی یا ایسا کسی مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پی سی بی کی نمائندگی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شعیب اختر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سوال اٹھایا کہ ٹورنامنٹ کا میزبان ملک ہونے کے باوجود تقریب تقسیم انعامات میں پی سی بی کے کسی اہلکار نے شرکت نہیں کی۔
اپنی پوسٹ میں شعیب اختر نے لکھا کہ ’یہ بات میری سمجھ سے باہر ہے۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے۔ انڈیا چیمپئنز ٹرافی جیت گیا ہے۔ مجھے ایک چیز دیکھ کا حیرانی ہوئی کہ پی سی بی سے کسی نے بھی نمائندگی نہیں کی۔ پاکستان میزبان ملک تھا لیکن ٹرافی دینے کے لیے بورڈ سے کوئی بھی نہیں آیا۔‘
پاکستان کے سپورٹ صحافی فیضان لاکھانی اس بارے میں لکھتے ہیں کہ ’آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تقریب میں میزبان پاکستان کی کسی نے بھی نمائندگی نہیں کی۔‘

ایک اور پوسٹ میں فیضان نے دعویٰ کیا کہ ’مجھے بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں شرکت کرنی تھی لیکن ان کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث وہ دبئی نہیں جا سکے۔‘
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ایونٹ اپنے نام کر لیا۔

 

شیئر: