Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

مائیکروسافٹ کا انڈیا میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیا ناڈیلا نے کہا کہ تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے تحت نئے ڈیٹا سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے انڈیا میں مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے شعبے میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مائیکروسافٹ کے انڈین نژاد سی ای او ستیا نادیلا نے منگل کو کہا کہ کمپنی اگلے دو برس میں انڈیا میں یہ سرمایہ کاری کرے گی۔
حالیہ چند برسوں میں دنیا کا سب سے زیادہ آبادی کا حامل ملک انڈیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے حوالے کافی اہمیت اختیار کر چکا ہے اور بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیاں اس ملک میں نئے صارفین تک پہنچنے کے لیے تگ و دو کر رہی ہیں۔
حالیہ چند ماہ کے دوران فیس بک کی پیرنٹ کمپنی ’میٹا‘ کے اے آئی کے چیف سائنٹسٹ یان لیکون کے علاوہ کمپیوٹر تیار کرنے والی کمپنی ’نویڈیا‘ کے سربراہ جینسن ہوانگ نے بھی انڈیا کا دورہ کیا ہے۔
مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیا ناڈیلا نے کہا کہ تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے تحت نئے ڈیٹا سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’انڈیا تیزی کے ساتھ اے آئی کے میدان میں قائدانہ کردار کی جانب بڑھ رہا ہے اور پورے ملک میں نئے مواقع کے دروازے کھل رہے ہیں۔‘

حالیہ چند برسوں میں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے انڈین صارفین تک رسائی کے لیے کافی تگ و دو کی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’آج ہم جو اعلان کر رہے ہیں یہ ہمارے انڈیا کو نمبر ون پر لانے کے عزم اور بڑے پیمانے پر اداروں اور شہریوں کو فائدہ پہنچانے کے ادارے کو ظاہر کرتا ہے۔‘
اںڈیا میں سرمایہ کاری کے اعلان سے ایک ہفتہ قبل ہی مائیکروسافٹ کے صدر بریڈ سمتھ نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی نئے مالی سال میں اے آئی پر 80 ارب ڈالر خرچ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
بریڈ سمتھ نے کہا تھا کہ رواں برس کے دوران مائیکروسافٹ اے آئی ڈیٹا سینٹرز، اے آئی ماڈلز کی تربیت، دنیا بھر میں کلاؤنڈ بیسڈ اپیلیکیشنز بنانے پر کام کرے گا۔

شیئر: