پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بدھ نو نومبر کو نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہو گا۔ یہ مقابلہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت گرم جب کہ موسم ٹھنڈا ہے، اس دوران کرکٹ کے دیوانے دیگر معاملات کو نظرانداز کر کے اپنی ٹیم اور کپتان بابراعظم کو یاد رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے جنوبی حصے میں واقع گڈانی کے ساحل پر سمیر شوکت اور راشدی آرٹسٹ نے بابراعظم کی ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ تصویر بنائی تو لہروں کے قریب سمندر کی ریت پر بنا یہ منظر ٹائم لائنز پر خاصا نمایاں رہا۔
This kaptaan and trophy sketch from @mr_lovely47 and Rashidi Artist is a gift to Pak cricket team before semi final ,they want Babar Azam to lift this trophy .These boys belong to Gaddani Balochistan . Well done boys @ShahnawazDahani thanks for supporting them pic.twitter.com/s6vi6w2iBO
— Huzaifa khan (@HuzaifaKhan021) November 8, 2022
نوجوان فنکاروں کی کاوش پر تبصرہ کرنے والوں نے لکھا کہ ’سیمی فائنل ہونا اور اس کا نتیجہ آنا باقی ہے لیکن ورلڈ کپ ٹرافی پہلے ہی پاکستان پہنچ گئی ہے۔ اب اصل بھی ضرور آئے گی، ان شااللہ۔‘
تصویر بنانے والے دونوں افراد گڈانی ہی کے رہائشی ہیں۔ ان میں سے ایک سمیر شوکت نے پاکستانی کپتان کو مینشن کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ’امید ہے وہ اسے دیکھیں گے بھی اور ہم سے ملاقات بھی کریں گے۔‘

تصویر دیکھنے والوں نے اسے ’پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے خوبصورت تحفہ‘ قرار دیتے ہوئے دونوں فنکاروں کو ان کی کاوش پر مبارکباد بھی دی۔

فاطمہ ستار نے بابراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے جذباتی پیغام میں مشورہ دیا کہ ’زہریلے لوگوں پر دھیان نہ دیں، صرف ان جیسے فینز کے لیے اپنی فارم واپس لانے کی کوشش کرتے رہیں۔‘

گڈانی کے ساحل پر بابراعظم اور ورلڈ کپ ٹرافی کی تصویر بنانے والے نوجوان فنکار اس سے قبل اسی ساحل پر پاکستانی بولر شاہنواز دھانی کا پورٹریٹ بھی بنا چکے ہیں۔









