Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 16 جولائی ، 2025 | Wednesday , July   16, 2025
بدھ ، 16 جولائی ، 2025 | Wednesday , July   16, 2025
تازہ ترین

اقبال ڈے کی چھٹی، ’پاکستانی اب مزے سے میچ دیکھیں‘

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے کھیلا جائے گا۔ (فوٹو:اے ایف پی)
آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ کے روز کھیلا جائے گا۔
بدھ ہی کے روز پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال کی 145 ویں سال گرہ ہے جس کے موقع پر پاکستان کی حکومت نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے 9 نومبر کی چھٹی بحال کردیا ہے۔
بڑے میچ سے پہلے سوشل میڈیا پر پاکستانی شہریوں کی جانب سے چھٹی کی خواہش کا اظہار کیا جارہا تھا جو وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلان کے بعد پوری ہوگئی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے کھیلا جائے گا لیکن اب دفاتر، سکول، کالج اور یونیورسٹی جانے والے شہری سکون کے ساتھ کرکٹ میچ انجوائے کرسکیں گے۔
سیمی فائنل کے دن عام تعطیل ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
سپورٹ جرنلسٹ سلیم خالق لکھتے ہیں کہ ’حکومت نے 9نومبر کو یوم اقبال کی تعطیل بحال کر دی،اب اسکول،کالج ،دفتر کی چھٹی ،مزے سے سیمی فائنل دیکھیں۔‘
آصف گکھڑ نے لکھا کہ ’سوچ رہا تھا کہ کل سیمی فائنل کے لیے چھٹی کر لیتا ہوں، یہ جان کر خوشی کی انتہا نہیں کہ کل اقبال ڈے کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے۔‘
ملکہ سیرت کہتی ہیں کہ ’کل کی چھٹی کا مزہ دوبالا ہو جائے گا اگر پاکستان سیمی فائنل جیت جائے۔‘
ہادیل عبید نے کہا کہ ’ہاں جی ٹھیک ہے، 7 سال بعد حکومت کو یومِ اقبال کی چھٹی کو بحال کرنے کا خیال آگیا اور وہ بھی تب جس دن پاکستان کا سیمی فائنل ہے، خوب کھیلے۔‘
دوسری جانب جمعرات کو انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے لیے انڈین شہری بھی اپنی حکومت سے چھٹی مانگ رہے ہیں۔
رتنیش نامی ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’مودی جی، 10 نومبر کو انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل کے دن عام تعطیل کر اعلان کردیں۔‘
 

شیئر: