Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025

ایپل ایونٹ میں آئی فون کا ’منی ورژن‘ ختم کرنے کا اعلان ہوگا؟

اطلاعات کے مطابق شاید ایپل اپنے آئی فون کا ’منی ورژن‘ ختم کرنے جا رہا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
ایپل بدھ کی رات کو اپنے نئے فونز، گھڑیاں اور دیگر نئی مصنوعات کی رونمائی کرے گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق نئے آئی فون کی نئی رینج اور دیگر مصنوعات کی تقریب رونمائی ایپل کے ہیڈکوارٹرز کیلیفورنیا میں رات 10 بجے منعقد ہو گی۔ تقریب کا نام ’فار آؤٹ‘ رکھا گیا ہے۔
ایپل ہر سال ستمبر میں اپنے نئے فونز، گھڑیوں اور دیگر نئی مصنوعات کا اعلان کرتا ہے۔ مارکیٹ میں موجود اطلاعات کے مطابق نئے آئی فون 14 کا کیمرا، سٹوریج، ڈیزائن اور اس کی سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی پچھلی فونز سے بہتر ہو گی۔
اطلاعات کے مطابق شاید ایپل اپنے آئی فون کا ’منی ورژن‘ ختم کرنے جا رہا ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کار ومسی موہن نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ ’ایپل شاید اپنے پرو ماڈلز کی قیمتیں بڑھادے گا اور دیگر چھوٹے ماڈلز کی قیمتوں میں تبدیلی نہیں کرے گا۔‘
نئے آئی فونز کے ساتھ ایپل اپنی گھڑیوں کی 8 سیریز بھی متعارف کرے گا۔ ان گھڑیوں کا ڈسپلے پچھلی گھڑیوں سے بڑا ہو گا اور اس میں صحت سے متعلق چیزیں بھی شامل کی جائیں گی بشمول ایک ایسے سینسر کے جو جسم کا درجہ حرارت بھی بتا سکے گا۔
کچھ روز سے نئے آئی فون 14 کے بارے میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ کمپنی نیا فون جامنی رنگ میں بھی ریلیز کرے گی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق اس مرتبہ آئی فون 14 پرو اور آئی فون 14 پرو میکس کے درمیان جہاں قیمتوں میں فرق ہو گا وہیں ان میں دو اہم فیچرز تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی جبکہ بقیہ فیچرز ایک جیسے ہوں گے۔
آئی فون پرو 14 کا سکرین سائز 6.1 انچ، بیٹری سائز 3200 میگا ہارٹس ہو گا جبکہ آئی فون پرو میکس 14 کا سکرین سائز 6.7 انچ اور بیٹری سائز 4352 میگا ہارٹس ہو گا۔

شیئر: