عرب ممالک مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے: شہزادہ فیصل بن فرحان
عرب ممالک مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے: شہزادہ فیصل بن فرحان
اتوار 30 جنوری 2022 19:59
سعودی وزیر خارجہ نے وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مشاورتی اجلاس اتوار کو کویتی وزیر خارجہ کی صدارت میں ہوا ہے۔
اجلاس سے قبل عرب وزرائے خارجہ نے قصر السلام کے ایوانوں کا دورہ کیا۔
ایوان امیری میں تاریخی دستاویزات کے مرکز کی چیئرپرسن شیخہ منی الجابر العبداللہ نے قصر السلام میں کویت کے تاریخی واقعات اور سرکاری ملاقاتوں کا ریکارڈ وزرائے خارجہ کو دکھایا۔
اجلاس میں علاقائی و بین الاقوامی مسائل اور چیلنجوں پر بات چیت ہوئی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
عرب وزرائے خارجہ نے اجلاس میں مشترکہ عرب جدوجہد اور یکجہتی کو فروغ دینے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں علاقائی و بین الاقوامی مسائل اور چیلنجوں خصوصاً مسئلہ فلسطین پر بات چیت ہوئی ہے۔
لیبیا میں امن و استحکام راسخ کرنے کے لیے عرب اور دوست ممالک کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں سوڈان، عراق اور دیگر تمام عرب ممالک کے حالات بھی زیر بحث آئے۔
عرب وزرائے خارجہ نے عرب ممالک اور ان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقتصادی و ترقیاتی شعبوں میں عرب تعاون کے استحکام پر بھی زور دیا ہے۔
عرب وزرائے خارجہ نے قصر السلام کے ایوانوں کا دورہ بھی کیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’عرب ممالک یکجہتی و تعاون کے فروغ اور مشترکہ جدوجہد پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔‘
کویت میں عرب وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ ’اس کا مقصد عرب ممالک کی ترقی، خطے کے امن و استحکام کا تحفظ اور عالمی امن و سلامتی کے استحکام میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔‘