فرانس میں گوگل پر 100 اور ایمازون پر 35 ملین یورو کا جرمانہ عائد
جمعرات 10 دسمبر 2020 11:15
فرانس کے ڈیٹا پرائیویسی ریگولیٹر کے مطابق گوگل اور ایمازون نے صارفین کی پرائیویسی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
فرانس نے کہا ہے کہ بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر صارفین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو فرانس کے ڈیٹا پرائیویسی ریگولیٹر نے صارفین کی شکایت پر گوگل کے دو مخلتف یونٹس کو مجموعی طور پر 100 ملین یورو جبکہ ایمازون کی ایک ذیلی کمپنی کو 35 ملین یورو جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
ریگولیٹر کے مطابق یہ جرمانے ان کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو مطلوبہ معلومات فراہم کیے اور ان سے اجازت لیے بغیر ان کے کمپیوٹر براؤزرز میں اشتہارات کی کوکیز لگانے پر عائد کیے گئے۔
کوکیز کمپیوٹر صارفین کے براؤزر میں ڈیٹا سٹوریج کی ایک چھوٹی سی فائل ہوتی ہے جو ویب سائٹس کو صارفین کی آن لائن سرگرمیاں اپنے پاس محفوظ کرتی ہے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں اور آن لائن اشیا کی فروخت کرنے والی کمپنیاں مارکیٹنگ کے لیے صارفین کی معلومات اپنے پاس محفوظ کرتی ہیں۔