ابوظبی پولیس نے 73کلو حشیش فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی
ابوظبی: ابوظبی پولیس نے 73کلو حشیش فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ الامارات الیوم کے مطابق واقعہ رمضان المبارک کے آخری دنوں میں عین افطار کے وقت ہوا جب محکمہ خفیہ کو اطلاع ملی کہ منشیات کا کاروبار کرنے والا ایک گروہ امارات کی ایک ریاست میں حشیش کی بڑی ڈیل کرنے والا ہے۔ معلومات کی تصدیق اور گروہ کے افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لئے ٹیم تشکیل دی گئی جس نے گروہ کا سراغ لگا لیا۔حشیش فروخت کرنے والے گروہ کے افراد نے عین مغرب کی اذان کے وقت جب تمام شہری وغیرملکی افطار کر رہے ہوتے ہیں اور سڑکیں وگلیاں سنسان ہوتی ہیں ، حشیش خریدنے والے گروہ کے ساتھ معاملات طے کئے۔ جب حشیش کی لین دین ہورہی تھی اس وقت پولیس نے چھاپہ مارکر دونوں گروہ کے افراد کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔