حیدرآباد - - -- - --شہر حیدرآباد میں ڈرگس مافیا سے متعلق روز نئے نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔پولیس نے بڑے مافیا کے ایک اور گروہ کو گرفتارکرتے ہوئے ایک اور کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کی خصوصی جانچ ٹیم نے6 ارکان کے اس گروہ کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے منشیات کی کثیر تعداد ضبط کی جو اہم شخصیتوں کے ساتھ ساتھ کالجز میں بھی سپلائی کی جاتی تھی ۔ان ملزمین کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا ۔ملزمین میں ایک افریقی شہری بھی شامل ہے۔اس گروہ کے تار دہلی سے بھی جڑے ہونے کا پتہ چلا ہے۔ پولیس کو ان سے پوچھ تاچھ کے بعد اہم معلومات حاصل ہونے کی امید ہے۔ڈرگس مافیا کے معاملہ میں پولیس کو کئی چونکادینے والے انکشافات حاصل ہورہے ہیں۔کیلون نامی شخص اس منشیات کے مافیا کا اہم سرغنہ ہے۔ پولیس کے مطابق اس نے واٹس ایپ گروپ بلاسم اور سوپر مین بناتے ہوئے کئی نوجوانوں کو اس میں شامل کیا اور ان کو نشہ کی لعنت کا عادی بنایا ۔اس کا طریقۂ کار یہ ہوتا کہ وہ تعلیمی اداروں کے قریب چاکلیٹ میں منشیات کو شامل کرتے ہوئے بچوں کو مفت میں دیا کرتا اور اس کا عادی بننے کے بعد اس کی بھاری قیمت وصول کی جاتی ۔