بڑے شہروں میں میٹرو سسٹم کےلیے کام کیا جائے، سعودی شوری کی سفارش
حرمین ریلوے میں مسافروں کی گنجائش بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی شوری کونسل نے اپنے اجلاس میں متعدد سفارشات پیش کی ہیں جن میں بڑے شہروں میں میٹرو سسٹم کے لیے ٹھوس جائزے پر زور دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شوری کونسل کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹرمشعل السلمی کی زیر صدارت ہوا جس میں ارکین نے مملکت میں لاجسٹک سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف سفارشات پیش کیں۔
رکن شوری کونسل اور ٹرانسپورٹ کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹرعیسی العتیبی نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی سالانہ مالی رپورٹ پیش کی۔
کونسل نے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے عازمین کے لیے شٹل سروس کے معیار کو بہتر بنانے اور بڑے شہروں میں میٹرو سسٹم بنانے کے منصوبے پر کام کرے۔
کونسل کی قرارداد میں حرمین ریلوے میں مسافروں کی گنجائش بڑھانے اور ٹرین کی رفتار میں اضافے پر بھی زور دیا گیا۔
شوری کے اجلاس میں سعودی ایئرلائن کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر کونسل کی رکن ڈاکٹر ریمہ الیحیی نے ایئرلائن کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور مسافروں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کی اہمیت پرزوردیا۔
ارکین کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر متعلقہ کمیٹی کی جانب سے وقت لیا گیا تاکہ شوری کی سفارشات پر مختلف پہلوں سے غور کرکے اپنی رپورٹ پیش کی جائے۔
یاد رہے وژن 2030 کے تحت ایک ہدف پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو بہتر بنانا ہے جس کا مقصد شہروں میں ٹریفک کے اژدحام اور کاربن کے اخراج کو کم کرنا ہے۔
