Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

اسلام آباد، راولپنڈی سمیت کئی اضلاع میں آندھی، بارش سے گرمی کی شدت میں کمی

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بالائی حصوں میں آندھی اور بارش نے گرم موسم کی حدت کو کم کر دیا ہے۔
اتوار کی سہ پہر اسلام آباد میں محکمہ موسمیات سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ خبیر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں آندھی اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 
پیش گئی کرتے ہوئے ’اگلے دو سے تین گھنٹوں میں اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد ونواح کے علاقوں میں شدید آندھی کا خدشہ‘ ظاہر کیا گیا تھا۔
اتوار کی شام سے رات کے پہلے پہر جڑواں شہروں میں آندھی چلی جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
ایڈوائزری کے مطابق خیبر پختونخوا کے جنوبی اور شمالی وزیرستان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک، ہنگو، کرم اور کوہاٹ کے بعض علاقوں میں طوفانی ہواؤں کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے صوبے کے وسطیٰ اضلاع خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی اور مردان میں بھی طوفانِ بادو باراں کی پیش گوئی کی تھی۔ 

بجلی کی فراہمی معطل

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ریجن میں طوفان اور بارش کے باعث متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹریپنگ رپورٹ کی گئی ہے۔
آئیسکو کے بیان کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں ممتاز سٹیل، لوہی بھیر، میرا جعفر، ایچ ایٹ ٹو، آئی نائن فور، آئی ایٹ مرکز ،ریلوے روڈ، آرچرڈ سکیم سروس روڈ، چاکرا سیام، نیو ریس کورس، رینج روڈ، جھنگی گولڑہ سی بلاک، جیل پارک فیڈر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ گلستان کالونی، سکیم ،3 شاہ پور، عسکری 14، اٹک سرکل اور گرد ونواح کو بجلی فراہم کرنے والے 42 فیڈرز پر بھی  فالٹ رپورٹ کیا گیا۔
’متعدد مقامات پر طوفانی ہواؤں کے باعث درختوں کے گرنے کے باعث بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں۔‘

ہزارہ، مری اور کشمیر میں آندھی

مری میں آندھی اور طوفان سے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ یونین کونسل سہربگلہ کے گاؤں گھوئی ڈھوک باڈیار میں مکانات کی چھتیں اڑ گئیں اور متاثرین کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔
متاثرہ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی ہے۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے ساتھ گلیات میں بھی طوفانی ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، مری کے علاوہ صوبہ پنجاب کے اضلاع اٹک، میانوالی، تلہ گنگ اور چکوال میں بھی آندھی چلے گی جبکہ ان کے گرد ونواح کے علاقوں میں طوفانِ باد وباران کے دوران شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پاکستان کے زیادہ تر علاقے گزشتہ چار دنوں سے شدید گرمی کی لہر میں ہیں اور بعض شہروں میں درجہ حرات 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہے۔

 

شیئر: