دمشق ایئرپورٹ سے شامی عازمین کی پہلی پرواز روانہ
’ابتدائی دو فضائی پروازیں بالترتیب روانہ ہوں گی، ہر پرواز میں 250 عازمین حج سوار ہوں گے‘ ( فوٹو: سبق)
دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے شامی عازمین حج کی پہلی پرواز سعودی عرب روانہ ہوگئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حج 1446کے لیے غیر معمولی تنظیمی اور تکنیکی تیاریاں کی گئی ہیں جن میں ایک اہم اقدام یہ ہے کہ عازمین حج کو سمارٹ تعارفی کارڈز جاری کئے گئے ہیں جو مناسک حج کے دوران ان کی آمد و رفت اور باہمی رابطے کو آسان بنائیں گے۔
شامی حج مشن کے نگران حیان درویش نے بتایا ہے کہ ’ابتدائی دو فضائی پروازیں بالترتیب روانہ ہوں گی، ہر پرواز میں 250 عازمین حج سوار ہوں گے‘۔
انہوں نے وضاحت کی کہ تمام شامی عازمین کے پاس تعارفی کارڈ ہے جس پر QR کوڈ موجود ہے۔
اس کوڈ کو اسکین کرنے سے ذاتی اور تنظیمی معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے جن میں گروپ لیڈر کا رابطہ نمبر، مکہ اور مدینہ میں قیام کی جگہوں کے لنکس اور عرفات میں خیمے کی لوکیشن شامل ہے۔
دوسری جانب شامی وزارت اوقاف کے شعبہ حج ڈائریکٹر عمران شیخ یوسف نے بتایا ہے کہ ’دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کل 66 پروازیں عازمین حج کو لے کر روانہ ہوں گی‘۔