میری ترجیح تنازعات کا خاتمہ ہے، ان کا آغاز نہیں: صدر ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم امریکہ اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز کہا کہ وہ ’تنازعات کا آغاز نہیں بلکہ ان کا خاتمہ چاہتے ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق قطر میں امریکی فضائیہ کے وسیع و عریض العدید ایئر بیس پر موجود فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’بطور صدر میری ترجیح تنازعات کا خاتمہ ہے، ان کا آغاز نہیں، لیکن اگر امریکہ یا ہمارے شراکت داروں کا دفاع ضروری ہوا تو میں امریکی طاقت کے استعمال سے کبھی نہیں ہچکچاؤں گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے فوجی تہذیب کے دشمنوں کے خلاف لڑ رہے ہیں اور دہشت گردی کو شکست دے رہے ہیں۔ ہمارے فوجی امریکی طاقت کی نمائندگی کرتے ہیں اور دنیا کی سب سے طاقتور فورس ہیں۔‘
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’قطر العدید ایئر بیس میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور جلد ہی اس امریکی بیس پر ایف-47 لڑاکا طیارے دستیاب ہوں گے۔‘
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم امریکہ اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کریں گے۔
اس سے قبل، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور صدر ٹرمپ نے دونوں حکومتوں کے درمیان تعاون کے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخطوں کی تقریب میں بھی شرکت کی، جس میں MQ-9B ڈرونز اور FS-LIDS اینٹی ڈرون سسٹم کی فراہمی بھی شامل تھے۔
صدر ٹرمپ نے قطر کی گرمجوش میزبانی پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا اور شیخ تمیم کو ایک دیرینہ دوست اور قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ہمارے تعلقات ہمیشہ سے بہت خاص رہے ہیں۔‘