پاکستان میں محکمہ موسمیات نے آئندہ تین سے چار روز کے دوران مئی 2025 کی پہلی گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی پیش گوئی کی ہے۔
’ؔ15 مئی سے ہوا کا زیادہ دباؤ ملک کے بیشتر علاقوں پر اثرانداز ہو گا جس کے باعث 15 سے 20 مئی کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں (سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔‘
مزید پڑھیں
15 سے 19 مئی کے دوران ملک کے بالائی علاقوں (وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر، گلگت بلتستان) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے 16 مئی کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی پیش گوئی بھی کی ہے۔
پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار سمیت شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں 19 یا 20 مئی سے آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر:
حکام نے گرمی کی لہر کی وجہ سے عوام الناس بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
’گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے دن کے دوران دھوپ میں کم سے کم نکلیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔‘
کاشت کاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ فصلوں کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں اور اپنے جانوروں کو گرم موسم سے محفوظ رکھیں۔
شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ برف پگھلنے کی شرح کو بڑھا سکتا ہے۔
زندگی کے تمام شعبوں میں پانی کے درست استعمال کریں۔
حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو ’الرٹ‘ رہنے اور گرمی کی لہر کی وجہ سے کسی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔