Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

شہزادی ریما نے صدر ٹرمپ کے استقبال کے موقع پر سعودی ڈیزائنر کا لباس زیب تن کیا

 رائل بلیو رنگ کے لمبےعبایا  پر نفیس سنہری کڑھائی کی گئی تھی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی امریکہ میں سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ ریاض کے موقع پر سعودی ڈیزائنر ہنیدہ صیرافی کا تیارکردہ خصوصی لباس زیب تن کیا۔
عرب نیوز کے مطابق رائل بلیو رنگ کے لمبےعبایا  پر نفیس سنہری کڑھائی کی گئی تھی۔ یہ کڑھائی عبایا کے فرنٹ اور بازوؤں پر برابر انداز میں کی گئی تھی جبکہ عبایا کے نیچے والے حصے پر چھوٹے چھوٹے سنہری نقش بنے ہوئے تھے۔ شہزادی ریما نے نیلے رنگ کا سکارف بھی پہنا تھا۔
ہنیدہ صیرافی جو فیشن برانڈ ’ہنیدہ‘ کی بانی ہیں، نے انسٹاگرام پر ایک پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’مجھے بے حد خوشی اور فخر ہے کہ شہزادی ریما بنت بندر جو امریکہ میں ہماری باوقار سعودی سفیر ہیں، طاقت، ترقی اور لیڈرشپ کی علامت کے طور پر سامنے آئیں۔ وہ اُن پہلی خواتین میں سے ہیں جنہوں نے رکاوٹیں توڑیں اور خواتین کو بااختیار بنانے کی جدوجہد کی قیادت کی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ ایک خاص لمحہ ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے تاریخی دورۂ ریاض پر ان کا استقبال کرتے ہوئے زبردست نظر آئیں اور اس اہم موقع کے لیے ’ہنیدہ‘ کا تیار کردہ خاص لباس زیب تن کیا۔ میں جلد ہی اس ڈیزائن کے پس منظر سے متعلق مزید تفصیل سے بات کرنے کی منتظر ہوں۔‘
صیرافی مشرقِ وسطیٰ اور دنیا بھر کی مشہور شخصیات کے لباس تیار کر چکی ہیں۔ ان کے ڈیزائن پہننے والی معروف شخصیات میں پرینکا چوپڑا، لوپیٹا نیونگو اور اردن کی شہزادی رجوا الحسین شامل ہیں۔

صیرافی مشرقِ وسطیٰ اور دنیا بھر کی مشہور شخصیات کے لباس تیار کر چکی ہیں

وہ سعودی عرب میں پیدا ہونے والی شہزادی رجوا کی پسندیدہ ڈیزائنر ہیں اور 2023 میں ان کی مہندی کی رات کی تقریبات اور عمان میں 2024 میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کی سلور جوبلی تقریبات کے لیے بھی شہزادی کا لباس تیار کیا۔
اس دوران ٹرمپ کے دورے میں شہزادی ریما کی شرکت نے سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کو اجاگر کیا۔ رواں ہفتے دی واشنگٹن ٹائمز میں لکھتے ہوئے انہوں نے اس دورے کو ’عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ایک لمحہ‘ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج جب دنیا کو نئے چیلنجز اور تنازعات کا سامنا ہے تو یہ شراکت داری پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہے۔‘
شہزادی ریما جنہوں نے 2019 میں سفیر کے طور پر اپنے فرائض سنبھالتے ہوئے ٹرمپ کو اپنی اسناد پیش کی تھیں، نے کہا کہ دونوں ممالک کا اتحاد ’صرف تاریخ نہیں بلکہ یہ ایک نیا مستقبل ہے۔‘

 

شیئر: