Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

صدر ٹرمپ کا دورۂ سعودی عرب ’عالمی امن اور سلامتی‘ کے لیے بہت اہم ہے: شہزادی ریما

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورۂ سعودی عرب عالمی استحکام اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شہزادی ریما بنت بندر نے امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار تعلقات کو بھی اجاگر کیا۔
یہ دوسری بار عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا غیرملکی دورہ ہے۔
شہزادی ریما بنت بندر نے واشنگٹن ٹائمز کے لیے لکھے گئے مضمون میں کہا کہ ’یہ دورہ عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ آج جب دنیا کو نئے چیلنجز اور تنازعات کا سامنا ہے ایسے وقت میں یہ شراکت داری پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔‘
شہزادی ریما بنت بندر جنہوں نے 2019 میں عہدہ سنبھالنے کے وقت اپنی اسناد ٹرمپ کو پیش کی تھیں، کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کا اتحاد صرف تاریخ نہیں بلکہ نیا مستقبل بھی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے آخری دورے سے قبل سعودی عرب نے وژن 2030 کے تحت بڑی قومی اصلاحات شروع کی تھیں، جن میں بڑے پیمانے پر معاشی، ثقافتی اور سماجی تبدیلیاں شامل تھیں۔
شہزادی ریما بنت بندر کے مطابق تقریباً آٹھ سال بعد جب صدر ٹرمپ ایئر فورس سے باہر قدم رکھیں گے تو انہیں وژن حقیقت میں دکھائی دیتا ملے گا۔
’جیسا کہ ہم نے بڑے فخر سے اپنے دروازے صدر ٹرمپ اور ان کے وفد کے لیے کھولے ہیں تو ہم اس شاندار سفر کو بھی اجاگر کرتے ہیں جو ہماری قوم نے طے کیا ہے اور امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچ چکے ہیں۔ جن میں اب مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور خلائی تحقیق جیسے شعبے شامل ہیں۔‘

شہزادی ریما بنت بندر کا کہنا تھا کہ سعودی خواتین مملکت کی ورک فورس کا 40 فیصد حصہ ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مملکت کی جانب سے ہونے والی اس پیشرفت کو بھی اجاگر کیا جو نان آئل اکانومی سے متعلق ہے اور ملک کی مجموعی پیداوار میں 50 فیصد تک حصہ ڈال رہی ہے۔
شہزادی ریما بنت بندر نے اس کو ’ایک تاریخی سنگ میل‘ قرار دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی خواتین مملکت کی ورک فورس کے 40 فیصد حصے تک سامنے آئی ہیں، جن میں سے متعدد کلیدی عہدوں پر کام کر رہی ہیں اور ان کو مردوں کے برابر حقوق اور تنخواہیں مل رہی ہیں۔‘
ان کے مطابق ’نوجوان سعودی اپنے قابل فخر ثقافتی ورثے کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے آرٹ، تفریح، کھیل اور سائنس کے میدانوں میں نئے تجربات کر رہے ہیں۔ یہ ایک نیا سعودی عرب ہے جو دنیا کے لیے کھلا ہے اور ہم امریکیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ اس کو مزید قریب سے دیکھیں۔‘
 

شہزادی ریما بنت بندر کے مطابق ’یہ ایک نیا سعودی عرب ہے جو دنیا کے لیے کھلا ہے۔‘ (فوٹو: شٹرسٹاک)

شہزادی ریما بنت بندر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’صدر ٹرمپ جس سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں وہ مصنوعی ذہانت، سیاحت، ماحول دوست توانائی، ثقافت اور کھیل جیسے شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔‘
’یہ ایک متحرک معاشرہ ہے جہاں نوجوان مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں اور خواتین اس وژن میں آگے ہیں۔‘
شہزادی ریما بنت بندر نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پائیدار شراکت داری باہمی تعاون سے شروع ہوتی ہے۔‘
ان کے مطابق ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اگلے چار برس کے دوران امریکہ میں چھ سو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم باہمی خوشحالی کی طرف اشارہ کرتا ہے جو ویژن 2030 کے متنوع اور صدر ٹرمپ کے معاشی ترقی ترقی کے اہداف کے مطابق ہے۔‘
جنوری میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ولی عہد سے کہیں گے کہ سرمایہ کاری کے ہدف کو ایک ٹریلین تک بڑھائیں اور اس کو ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت داری قرار دیا تھا۔

 

شیئر: