سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ایف ایف سی چیمپئنز لیگ 2025 کی کامیابی پر جدہ میں وزیرسپورٹس اور سعودی اولمپک و پیرا اولمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل نے خصوصی ملاقات کی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے ‘ کے مطابق اس موقع پر سعودی فٹ بال فیڈریشن کے صدر یاسر المسحل، الاھلی فٹ بال کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر خالد الغامدی، کلب کے فنی و انتظامی کمیٹی کے ارکین اور ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے الاھلی فٹبال کلب کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کامیابی کے سفر کو جاری رکھنے اور عالمی سطح پر اس میدان میں مملکت کا نام بلند کرنے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیرا اولمپک کی سعودی ایتھلیٹ ٹیم کے کھلاڑی عبدالرحمان القرشی کا خیر مقدم کیا اور انہیں پیرس گیمزمیں سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارک باد دی۔
’ایس پی اے‘ کے مطابق ولی عہد نے سعودی ایتھلیٹ عبدالرحمان القرشی سے خصوصی ملاقات کی اور ان کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کی کہ یہ کامیابی اسپورٹس کے دیگر کھلاڑیوں کےلیے بھی حوصلہ افزا ثابت ہو گی۔سعودی مختلف میدانوں میں وطنِ عزیز کا نام روشن کریں گے۔
سعودی کھلاڑی عبدالرحمن القرشی نے ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنے لیے باعث اعزاز قرار دیا۔
واضح رہے عبدالرحمن القرشی نے اس سے قبل ٹوکیو جاپان میں ہونے والے پیرا اولمپک گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
ملاقات کے دوران سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل بھی موجود تھے۔