انڈین سیکریٹری خارجہ اور ان کی بیٹی تنقید کی زد میں کیوں؟
انڈین سیکریٹری خارجہ نے سوشل میڈیا پر اس تنقید کے بعد اپنا ایکس اکاؤنٹ پرائیوٹ کر دیا ہے۔ (فائل فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کو ان کے ملک کے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی پر راضی ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور گالم گلوچ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق اتوار کو سوشل میڈیا صارفین نے وکرم مسری اور ان کی بیٹی کو گالیاں دیں اور ان کی نجی زندگیوں کو بھی نشانہ بنایا۔
اعلٰی انڈین سفارت کار کو ’غدار‘ اور ’دیش دروہی‘ کہا گیا جبکہ بعض پوسٹوں میں ان کی بیٹی پر تنقید کرتے ہوئے ان کی شہریت کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے۔
تاہم بعض انڈین صحافیوں نے وکرم مسری اور ان کی بیٹی کو گالیاں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
صحافی سواتی چترویدی نے کہا کہ ’ان ٹرولز کے خلاف لازمی کارروائی ہونی چاہیے جنہوں نے وکرم مسری کی بیٹی کی نجی معلومات شیئر کیں اور انہیں گالیاں دیں۔‘

فیکٹ چیکر اور آلٹ نیوز کے بانی محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ’سب سے پہلے یہ نیوی افسر وِنے نروال کی بیوی ہمانشی ناروال کے پیچھے پڑے۔ اور اب وہی ٹرولز انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری اور ان کی بیٹی کو گالیاں نکال رہے ہیں اور ان کا موبائل نمبر شیئر کر رہے ہیں۔‘

انڈین سیکریٹری خارجہ نے سوشل میڈیا پر اس تنقید کے بعد اپنا ایکس اکاؤنٹ پرائیوٹ کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز سینچر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد پاکستان اور انڈیا کے وزرائے خارجہ نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کی۔ امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے جنگ بندی پر دونوں ممالک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور انڈیا کے ایک غیرجانبدار مقام پر کئی اہم امور پر بات چیت شروع کرنے پر تیار ہیں۔‘