سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے سنیچر کو جدہ میں ایرانی ہم منصب عباس عراقچی نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں ان کی سپورٹ کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
حالیہ علاقائی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امورڈاکٹر سعود الساطی، وزیر خارجہ کے مشیر محمد الیحیی اور وزارت خارجہ کی مشیر ڈاکٹرمنال رضوان بھی موجود تھیں۔

قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ سنیچر کو سعودی عرب پہنچے تو سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ان کا خیرمقدم کیا۔
عرب نیوز کے مطابق عباس عراقچی کا سعودی دورے کا مقصد ہ سعودی حکام سے ملاقات کر کے دو طرفہ مسائل اور علاقائی و بین الاقوامی پیش رفت پر گفتگو ہے۔
ایرانی وزارت کے ترجمان نے جمعے کو کہا تھا کہ عباس عراقچی بعد میں قطر کا دورہ کریں گے جہاں وہ دوحہ میں ایران، عرب دنیا ڈائیلاگ سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یہ دورہ عمان میں اتوار کے روز ممکنہ طور پر امریکی، ایرانی بالواسطہ مذاکرات سے پہلے ہو رہا ہے۔