جعلی فارماسیوٹیکل کمپاونڈ فروخت کرنے والا سیلز مین گرفتار
جعلی یا غیررجسٹرڈ ادویات فروخت کرنے پر 10 ملین ریال تک جرمانہ مقرر ہے(فوٹو،ایکس )
ریاض میں فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی تفتیشی ٹیم نے جعلی فارماسوٹیکل مصنوعات فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے ایک کمپنی کے سیلز مین کو گرفتار کرلیا۔
اخبار 24 کے مطابق گرفتار سیلز مین کے خلاف فارما قانون کی شق نمبر 34/2 کے تحت مقدمہ درج کرکے مقدمہ ادارہ پراسیکیوشن کو ارسال کردیا گیا۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ’ایس ایف ڈی اے‘ کا کہنا ہے کہ قانون کی شق 2/34 میں واضح طورپر درج ہے کہ ’جو بھی جعلی یا زائد المیعاد اور غیررجسٹرڈ فارماسوٹیکل کمپاونڈز، جڑی بوٹیاں یا ادویات وغیرہ فروخت کرے یا فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پایا گیا اسے 10 برس تک قید یا 10 ملین ریال جرمانہ یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں‘۔
اتھارٹی نے فارمیسز سے تعلق رکھنے والوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور کسی بھی حالت میں قانون شکنی کے مرتکب نہ ہوں خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی سزاوں کا سامنا کرنا ہوگا۔
ایس ایف ڈی اے نے اس حوالے سے ٹول فری نمبر 19999 بھی جاری کیا ہے جس پر کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی کی اطلاع درج کرائی جاسکتی ہے۔