حج سیزن کے لیے ’ایس ایف ڈی اے‘ کا آگاہی وتفتیشی منصوبہ مکمل
تفتیشی ٹیمیں عازمین کو فراہم کی جانے والی خوراک کا بھی جائزہ لیں گی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ’ایس ایف ڈی اے‘ کا کہنا ہے کہ حج سیزن کے حوالے سے منصوبے کو حتمی شکل دیتے ہوئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ایس ایف ڈی اے کی جانب سے حج سیزن کے دوران دنیا بھر آنے والے عازمین کو فراہم کی جانے والی غذائی اشیا اور ادویات و طبی لوازامات کے معیار کو جانچنے کے لیے ٹیموں کو تیار کردیا گیا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے بری ، فضائی اور سمندری چیک پوسٹوں پروزارت صحت کے تعاون سے خصوصی یونٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں تربیت یافتہ عملہ ہمہ وقت موجود ہو گا۔
تفتیشی ٹیموں کے کارکنان کھانے پینے کی اشیا اور لائی جانے والی ادویات وغیرہ کے معیار کو جانچنے کے بعد انہیں این او سی جاری کریں گے۔
اتھارٹی کی ٹیمیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کے لیے قائم کی گئی کیٹرنگ سروسز کا بھی دورہ کریں گی جہاں وہ کام کرنےوالوں کو حفظان صحت سے متعلق اہم معلومات اور ہدایات دیں گی تاکہ ان کی روشنی میں عازمین کے لیے خوراک کا انتظام کیا جائے۔
صحت ، بلدیہ اور دیگر اداروں پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جن کے اہلکار اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں اور ہوٹلوں کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لیں گے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ کہیں بھی حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی نہ ہو۔