ریاض میں گرد، مکہ اور مدینہ میں تیز ہوا اور بارش
’جدہ، رابغ، اللیث میں 49 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک تیز ہوا چلے گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بدھ کو ریاض، مشرقی ریجن اور نجران میں مطلع گرد آلود ہوگا جبکہ جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بالائی علاقوں میں بارش ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے شہروں طائف اور میسان میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی جبکہ الخرمہ، المویہ، تربہ اور اللیث میں ہلکی بارش کا امکان ہے‘۔
’جدہ، رابغ، اللیث اور دیگر ساحلی علاقوں میں 49 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک تیز ہوا چلے گی‘۔
مدینہ منورہ ریجن کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’الرایس اور ینبع میں تیز ہوا چلے گی جبکہ المہد اور وادی الفرع میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی‘۔
’ریاض اور مشرقی ریجن کے بیشتر شہروں میں مطلع گرد آلود رہے گا جبکہ تیز اور گرد آلود ہوا کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
’ادھر جنوبی علاقوں الباحہ، عسیر اور جازان کے بعض علاقوں میں تیز جبکہ دیگر علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی جبکہ دل بھر گرج چمک ہوتی رہے گی‘۔