ایک امریکی ولاگر کو انڈیا کا دورہ اس وقت ان کے لیے وبال جان بن گیا جب انہیں نظام تنفس میں شدید خرابی کی وجہ سے ہسپتال جانا پڑا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نک میڈاک کا دعویٰ ہے کہ وہ ٹرین کے 15 گھنٹے کے سفر کی وجہ سے بیمار ہوئے۔ انہوں نے اسے اپنے چھ برسوں کے سفر میں سب سے زیادہ غیرصحت بخش تجربات میں سے ایک قرار دیا۔
نک میڈاک نے یہ عہد بھی کیا کہ وہ ’دوبارہ کبھی ٹرین کا یہ سفر نہیں‘ کریں گے۔
انہوں نے ایک ہسپتال سے ویڈیو پوسٹ کی جس کا متن تھا کہ اگر ’انڈین سلیپر ٹرین سے سفر کریں گے تو اس کا یہ نتیجہ ہو گا۔‘
مزید پڑھیں
-
ولاگرز بچوں کی زندگیوں پر کس طرح اثر انداز ہو رہے ہیں؟Node ID: 867011
-
جنگل کی سیر کرتے ہائیکرز کے ہاتھ کروڑوں کی مالیت کا خزانہ لگ گیاNode ID: 889161
نک میڈاک نے بتایا کہ انہوں نے وارانسی سے نیو جلپائی گوڑی تک سفر کرنے کے لیے تھرڈ کلاس اے سی کوچ سے سفر کیا۔
امریکی ریاست میسوری سے تعلق رکھنے والے ولاگر نے لکھا کہ ’سنیں! میں انڈیا سے محبت کرتا ہوں۔ یہاں کے لوگ پرجوش اور فراخ دل ہیں، یہاں نہ ختم ہونے والے حسین مناظر ہیں اور ایک شان دار اور مقدس تاریخ ہے۔ لیکن ساتھ میں یہ بھی کہہ رہا ہوں کہ وارانسی سے نیو جلپائی گوڑی تک میرا 15 گھنٹے کا ٹرین (تیسرے درجے کے اے سی کوچ) میں سفر میرے چھ برسوں کے اسفار کی سب سے بری چیزوں میں سے ایک تھا۔‘
نک میڈاک کا اس وقت بھوٹان کے ایک ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے لکھا کہ ’(سفر کے) تین دن بعد بھوٹان میں مجھے نظام تنفس میں شدید خرابی کی تشخیص ہوئی۔ میں اب بہتر محسوس کر رہا ہوں لیکن مکمل صحت یابی میں کافی وقت لگے گا۔‘
امریکی ولاگر نے ٹرین کے باتھ روم کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اس کی خراب حالت اور گندگی کو دکھایا گیا تھا۔
نک میڈاک چھ برسوں میں 120 ممالک کا سفر کر چکے ہیں اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں دو افراد نے اس ٹرین سے سفر کرنے کی تجویز دی تھی۔