عالمی شہرت یافتہ بالی وُڈ سٹار عرفان خان کے بیٹے اداکار بابل خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہوں نے زار و قطار روتے ہوئے ساتھی اداکاروں کے متعلق کچھ انکشافات کیے ہیں۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں بابل خان بالی ووڈ میں اجنبیت اور ناروا سلوک پر شدید جذباتی انداز میں گفتگو کرتے نظر آئے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
عرفان خان جو فلم میں ’کردار ایڈٹ ہو جانے پر ساری رات روتے رہے‘Node ID: 884038
-
عرفان خان: ایئر کنڈینشنر کی مرمت سے ہالی وڈ تکNode ID: 884071
ویڈیو میں بابل خان واضح طور پر روتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’بالی وُڈ بہت ہی بدتمیز ہے۔‘
ویڈیو میں بابل خان نے کئی مشہور شخصیات کے نام بھی لیے، جن میں شانایا کپور، اننیا پانڈے، ارجن کپور، سدھانت چترویدی، راغو جُیال، آدرش گوراو اور حتیٰ کہ گلوکار اریجیت سنگھ کا نام بھی شامل تھا۔
بابل خان کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ لوگ جان لیں کہ شانایا کپور، اننیا پانڈے، ارجن کپور، سدھانت چترویدی، راغو جُیال، آدرش گوراو اور حتیٰ کہ اریجیت سنگھ بھی‘ اس کے بعد کچھ دیگر نام لینے کے بعد وہ کہتے ہیں کہ ’بالی وُڈ بہت خراب جگہ ہے، بالی وُڈ بہت بدتمیز ہے۔‘
یہ ویڈیو سب سے پہلے سوشل میڈیا ایپ ’ریڈٹ‘ پر شیئر کی گئی۔
اس ویڈیو کو اپلوڈ کرنے والے اکاؤنٹ کا دعویٰ ہے کہ یہ کلپ اصل میں بابل خان کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا گیا تھا لیکن پھر فورآ ہی ڈیلیٹ کر دیا گیا۔
ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عرفان خان کے بیٹے بابل خان کی ذہنی صحت کے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’خدایا، یہ واقعی افسوسناک ہے، وہ بہت کچھ جھیل رہا ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’کچھ نہ کچھ ضرور ہوا ہے، وہ نوجوان ہے اور باپ کے بغیر سخت مقابلے والی جگہ پر اکیلا کھڑا ہے، اُمید ہے کہ انہیں مدد ملے گی اور وہ اس واقعے کو ایک وقتی جذباتی لمحہ سمجھ کر خود کو سنبھالے گا اور مزید مضبوط بن کر واپس آئے گا۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بابل خان نے اپنے والد عرفان خان کی پانچویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔
عرفان خان 29 اپریل 2020 کو 53 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
عرفان خان نے مارچ 2018 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں نیورو اینڈوکرائن کینسر لاحق ہو گیا ہے۔
اس کے بعد ان کا برطانیہ میں ایک برس تک علاج چلتا رہا اور فروری 2019 میں واپس انڈیا لوٹے۔ بعد ازاں کینسر سے متعلقہ ایک انفیکشن کے باعث انہیں دوبارہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ چل بسے تھے۔
بابل کی حالیہ ویڈیو نہ صرف بالی وُڈ انڈسٹری میں نئے اداکاروں کے لیے مشکلات کی عکاسی کرتی ہے بلکہ ذہنی صحت کے حوالے سے بھی ایک سنجیدہ سوال کھڑا کرتی ہے تاہم مداح اور سوشل میڈیا صارفین بابل کے لیے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔