Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 07 جون ، 2025 | Saturday , June   07, 2025
ہفتہ ، 07 جون ، 2025 | Saturday , June   07, 2025

مکُل دیو 54 برس کی عمر میں چل بسے، اداکار کی مشہور بالی وڈ فلمیں کون سی تھیں؟

وندو دارا سنگھ نے کہا کہ ’مکُل دیو کا وزن بہت بڑھ چکا تھا اور وہ تنہائی کا شکار تھے‘ (فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈین اداکار مکُل دیو جو ہندی، پنجابی اور جنوبی انڈین سنیما کی فلموں میں اپنی اداکاری کی وجہ سے مشہور تھے، جمعے کی رات کو چل بسے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکار وندو دارا سنگھ نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر ایک جذباتی پیغام لکھا۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ’مُکل تنہائی کا شکار تھے۔‘ وندو نے یہ بھی بتایا کہ مُکل دیو کی فلم ’سن آف سردار 2‘ کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی ہو رہی تھی۔‘
اس سوال پر کہ کیا مُکل دیو کسی بیماری میں مبتلا تھے، وندو دارا سنگھ جو انہیں اپنا بھائی مانتے ہیں، کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ وہ کسی بیماری میں مبتلا تھے، لیکن وہ الکوحل بہت پیتے تھے اور گٹکا کھاتے تھے۔‘
’ان کا وزن بہت بڑھ چکا تھا اور وہ تنہائی کا شکار تھے۔ ان کی ایک بیٹی ہے تاہم وہ ان کے ساتھ نہیں رہتی تھی۔ ان کی فلم ’سن آف سردار 2‘ کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی ہو رہی تھی، لیکن افسوس کہ وہ اسے دیکھ نہیں سکیں گے۔ یہ (ان کا دنیا سے چلے جانا) بہت دِل خراش خبر ہے۔‘
وندو نے ’سن آف سردار 2‘ میں مُکل دیو کے کردار کے حوالے سے کہا کہ ’انہوں نے اس فلم میں بہت شاندار کام کیا۔ وہ میرے ٹونی اور میں ان کا ٹیٹو تھا۔ اور لوگ جولائی میں فلم کی ریلیز کے بعد ان کا کام دیکھ کر لوٹ پوٹ ہو جائیں گے۔ لیکن بدقسمتی سے وہ یہ کامیابی اور لوگوں کا پیار دیکھنے کے لیے موجود نہیں ہوں گے۔‘

مُکل دیو کی موت کس وجہ سے اور کن حالات میں ہوئی اس کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں (فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)

مکُل دیو کی موت کس وجہ سے اور کن حالات میں ہوئی اس کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔ ان کے ورثا میں بیٹی سیا دیو اور بھائی راہُل دیو شامل ہیں۔
اداکار اجے دیوگن جنہوں نے مکُل دیو کے ساتھ ’سن آف سردار‘ میں کام کیا، نے سوشل میڈیا پر ان کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ابھی بھی یقین نہیں آرہا۔۔۔ مکُل۔ یہ سب بہت جلدی اور اچانک ہے۔ تم مشکل دنوں کو بھی آسان بنا دیتے تھے۔‘
مکُل دیو کی مشہور فلموں میں اداکارہ سشمیتا سین کے ساتھ ان کی فلم ’دستک‘، مادھوری ڈکشت اور نانا پاٹیکر کے ساتھ ’وجود‘، ’راج کمار‘، ’سن آف سردار‘ اور ’یملا پگلا دیوانہ‘ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’وجود‘ میں ہیروئن کا کردار بالی وڈ کی سپرسٹار مادھوری ڈکشٹ نے ادا کیا تھا۔ 

 

شیئر: