اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی شام پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی شام پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت
ہفتہ 3 مئی 2025 15:11
اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اس کے اہلکار شام کے جنوبی علاقے میں تعینات ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے شام پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سیکریٹری جنرل نے شام کے دارالحکومت دمشق کے اطراف اور سویدا کے علاقے میں بڑھتے فرقہ وارانہ فسادات پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے تشدد کی مذمت کی۔
ان فسادات میں گزشتہ ہفتے کے دوران 100 سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔
تشدد کے یہ واقعات دمشق کے نواح کی دو آبادیوں ضرامانہ اور اشرافیات سنہایہ میں پیش آئے جہاں دروز کمیونٹی کے لوگوں کی اکثریت ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفانے دجارک نے کہا کہ سیکریٹری جنرل گوتیرس ’دمشق کے مضافات اور شام کے جنوبی علاقے میں تشدد کے واقعات کو خطرے کے طور پر دیکھ رہے ہیں جہاں سے عام شہریوں کی اموات اور مقامی انتظامیہ سے منسلک حکام کے قتل کی خبریں آ رہی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ’عام شہریوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد‘ اور ایسے اقدامات جن سے ’فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا ملے‘ کی مذمت کرتے ہیں۔
فرقہ وارانہ نوعیت کی جھڑپوں کے دوران اسرائیل نے شامی اہداف پر فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح وہ اس پڑوسی ملک کی دروز اقلیت کے تحفظ کی کوشش کر رہا ہے۔
سنیچر کو اسرائیل کی فوج نے کہا کہ جنوبی شام میں تعینات اس کی افواج حالیہ فرقہ وارانہ جھڑپوں کے بعد دروز اقلیت کی حفاظت کے لیے تیار ہیں۔
ایک بیان میں یہ واضح کیے بغیر کہ آیا یہ نئی تعیناتی ہے یا پہلے سے موجود افواج کی طرف اشارہ ہے، اسرائیلی فوج نے کہا کہ ’اس کے اہلکار جنوبی شام میں تعینات ہیں اور دروز دیہات کے علاقے میں دشمن قوتوں کے داخلے کو روکنے کے لیے تیار ہیں۔‘
شام میں دروز کمیونٹی کے مرکز سویدا صوبے میں ایک دروز اہلکار نے کہا کہ ’وہاں اسرائیلی فوجیوں کی تعیناتی نہیں کی گئی ہے۔‘
اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ شام میں دروز کمیونٹی کا تحفظ کرے گا۔ فوٹو: اے ایف پی
اہلکار نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج کی موجودگی ’اطلاعات کے مطابق قنیطرہ صوبے تک محدود ہے‘ جو اسرائیل کے زیرِقبضہ گولان کی پہاڑیوں کے قریب ہے جہاں اسرائیلی فوج نے دسمبر میں صدر بشار الاسد کی معزولی کے بعد مورچے بنا لیے تھے۔
جمعے کی صبح اسرائیلی فوج نے دمشق میں صدارتی محل کے قریب ایک علاقے پر بمباری کی۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیلی فضائیہ نے دمشق، حما اور درعا کے دیہی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں ایک شہری ہلاک اور چار افراد زخمی ہوئے۔