نشہ آور گولیاں سمگل کرنے پر شہری کو سزائے موت
اتوار 27 اپریل 2025 14:33
’اپیل کورٹ نے زریں عدالت کے فیصلے کی تصدیق کی اور ایوان شاہی نے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے پر سعودی شہری پر سزائے موت کا فیصلہ نافذ کر دیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’سعودی شہری ہلیل بن عبد اللہ المدلوش کو نشہ آور گولیاں سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’تمام ثبوت اور دلائل کے ساتھ اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں الزام ثابت ہونے اور زمین میں فساد پھیلانے پر اسے سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا گیا‘۔
’بعد ازاں اپیل کورٹ نے زریں عدالت کے فیصلے کی تصدیق کی اور ایوان شاہی نے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’آج اتوار کو تبوک میں عدالت کا فیصلہ نافذ کردیا گیا ہے‘۔